روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام ) کے قرآن علمی کمپلیکس نے صوبہ دیوانیہ کے ضلع الدغارہ میں "یومِ دحو الارض" کی مناسبت سے ایک قرآنی محفل کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب علمی کمپلیکس سے وابستہ 'قرآن انسٹی ٹیوٹ' (دیوانیہ برانچ) کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد معاشرے میں قرآنی ثقافت کا فروغ اور دینی مناسبتوں کا احیاء ہے۔
قرآن انسٹی ٹیوٹ (دیوانیہ برانچ) کے سربراہ جناب خالد العبادی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ محفل ایک مومن کے گھر پر منعقد کی گئی تھی۔ محفل کا آغاز قاری اکرم الصالحی نے تلاوتِ قرآن سے کیا۔ اس کے بعد ڈاکٹر علی الشبانی نے ایک خصوصی لیکچر دیا، جس میں انہوں نے قرآنی آیات اور احادیثِ اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں "دحو الارض" کی فضیلت اور اس دن کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے مزید کہاکہ محفل کے دوسرے حصے میں ملک کے نامور قراء، سید جواد المنصوری اور شیخ محمد عبد الشهيد نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں تلاوتِ قرآنِ کریم کا شرف حاصل کیا۔ تقریب کے اختتام پر قاری محسن الشبانی نے امام حسین (علیہ السلام) کی مخصوص زیارت پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
جناب خالد العبادی نے مزید واضح کیا کہ یہ تقریب علمی کمپلیکس کے ان باقاعدہ قرآنی پروگراموں کا تسلسل ہے جن کا مقصد:
معاشرے کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنا۔
عوام الناس کو قرآن کریم کی تعلیمات اور اہل بیت (ع) کے ارشادات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دینا۔
مقدس ایام کی معرفت کے ذریعے فکری و روحانی بالیدگی حاصل کرنا۔





