سید آل ضیاء الدین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: امام حسین (علیہ السلام) کی سرزمینِ کربلا سے، اور وفاداری و بھائی چارے کے علمبردار ان کے بھائی حضرت ابو الفضل العباس (علیہ السلام) کے جوارِ رحمت سے، روضہ مبارک حضرت عباس(علیہ السلام) کی جانب سے ایرانی عوام کے لیے انسانی، امدادی اور طبی سامان پر مشتمل ایک اور قافلہ روانہ ہو چکا ہے۔ یہ اقدام روضہ مبارک کی طرف سے ہمارے آقا و مولا حضرت ابو الفضل العباس (علیہ السلام) کی "نصرت، اخوت اور وفا کے لازوال اقدار" کی ایک زندہ اور عملی تفسیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا: روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) یہ امداد پیش کرتے ہوئے اسے کوئی احسان نہیں، بلکہ اپنا اخلاقی فرض اور انسانی پیغام سمجھتا ہے۔ یہ وہ فرض ہے جو ہمیں آسمانی و آفاقی اقدار، ہمارے دینِ حنیف کے اصولوں اور ہماری اعلیٰ دینی قیادت کی حکیمانہ روِّش نے سکھایا ہے۔ اللہ تعالیٰ اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (حفظہ اللہ) کا سایہ تا دیر قائم رکھے۔ انہوں نے ہمیں ہمیشہ انسانی ہمدردی اور یکجہتی کا درس دیا ہے۔ اسی رحیمانہ طرزِ عمل کے تحت اعلی دینی قیادت کے خصوصی نمائندے علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) نے بھی ہمیں ہمیشہ اس امر کی ہدایت کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم اسے روضہ مبارک کے بنیادی وژن کا حصہ بنائیں تاکہ اقوام کے مابین باہمی رحم دلی اور اخوت کے جذبات کو فروغ دیا جا سکے۔
آل ضیاء الدین نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: مصیبت زدگان کی امداد کرنا عبادت کی اعلیٰ ترین شکلوں میں سے ایک ہے۔ یہ انسان کی تکریم، اس کی عزتِ نفس کی حفاظت اور سختی و آزمائش کے اوقات میں اس کی تکالیف کو کم کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے، تاکہ اسے محتاجی کی تنگی سے نکال کر وقار کی وسعت عطا کی جا سکے۔ ہم بارگاہِ الٰہی میں دستِ بدعا ہیں کہ پروردگارِ عالم ان سے اس آزمائش کی سختی کو دور فرمائے، متاثرہ خاندانوں کے دکھوں کا مداوا کرے، اس مصیبت کے بادلوں کو چھانٹ دے، اور اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے تمام افراد کو برکتیں عطا فرمائے۔ ہماری سچے دل سے دعا ہے کہ خدا جلد از جلد ان کے لیے آسانی پیدا فرمائے۔
واضح رہے کہ اس دوسرے امدادی قافلے میں 10 بڑے ٹرک شامل ہیں، جن پر درج ذیل سامان لدا ہوا ہے: 137 ٹن غذائی مواد، 18 ٹن طبی سامان اور ادویات، 20 عدد ڈائلیسز مشینیں، 1 عدد بلڈوزر و کرین
یاد رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) نے اعلیٰ دینی قیادت کی جانب سے متاثرین کی مدد کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے، ایرانی اور لبنانی عوام کی مدد کے لیے اس انسانی مہم کا آغاز کیا تھا اور اس مقصد کے لیے عطیات جمع کرنے کے دروازے کھولے تھے۔
اس سے قبل، روضہ مبارک نے اپنا پہلا امدادی قافلہ بھی روانہ کیا تھا جو 38 ٹرکوں پر مشتمل تھا اور اس میں 690 ٹن امدادی سامان بھیجا گیا تھا جس میں 670 ٹن بنیادی غذائی اجناس اور 20 ٹن ضروری طبی سامان شامل تھا۔































