شعبہ فاطمہ بنت اسد (علیہا السلام) کی جانب سے زواجِ نورَین کے یومِ سعید کی مناسبت سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے دفتر متولی شرعی برائے خواتین سے منسلک شعبہ فاطمہ بنت اسد (علیہا السلام) برائے قرآنی علوم کی جانب سے "یومِ زواجِ نورَین" یعنی جانشینِ رسول، حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام اور سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے یومِ عقدِ سعید کی مناسبت سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام خصوصی تربیتی کورس "ینابیع الرحمہ" کے تیسرے ایڈیشن کے ضمن میں منعقد کیا گیا تھا کہ جس میں شعبہ سے منسلک طالبات نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد ایک تربیتی لیکچر دیا گیا جس میں امام علی اور سیدہ زہرا (علیہما السلام) کی مبارک زندگی کے مختلف پہلوؤں اور ان کی سیرتِ طیبہ کو خاندانی نظام اور زندگی کی تعمیر کے لیے ایک بہترین نمونہ عمل کے طور پر پیش کیا گیا۔

لیکچر میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ انسان کے پاس آسائش کے تمام وسائل موجود ہو سکتے ہیں، لیکن اگر گھر اللہ کے ذکر سے خالی ہو تو وہ حقیقی خوشی محسوس نہیں کر سکتا؛ جس گھر میں ایمانی و روحانی پہلو غائب ہو، وہاں سے سکون و استحکام بھی رخصت ہو جاتا ہے۔

اس پروگرام میں لیکچر کے مضامین پر مبنی ایک سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا، جس میں درست جوابات دینے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے تحائف دیے گئے، اور بعد میں اس پر مسرت موقع کی مناسبت سے منقبت و قصیدہ خوانی کی گئی۔

پروگرام میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے تجارتی منصوبوں میں سے ایک "العفاف شاپنگ مال" کا ایک تفریحی دورہ بھی شامل تھا۔ اس دوران طالبات کی حفاظت اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے شعبے کے عملے اور بس کوآرڈینیٹرز کی براہِ راست نگرانی میں ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔

یہ شعبہ ایسے بامقصد قرآنی اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد کو جاری رکھنے کا پختہ عزم رکھتا ہے جو طالبات میں مذہبی و ثقافتی شعور کو بیدار کرنے اور ان میں حقیقی اسلامی اقدار کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: