روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلیکس نے نئی نسل کی فکری و دینی آبیاری کے لیے صوبہ مثنیٰ میں قرآنی پروجیکٹ "اشبال العمید" کے تحت متعدد تعلیمی و قرآنی کورسز کا آغاز کیا ہے۔
ان کورسز کا انعقاد علمی کمپلیکس سے منسلک قرآن انسٹی ٹیوٹ مثنی برانچ نےصوبے کے مختلف علاقوں میں کیا ہے۔ یہ اقدام انسٹی ٹیوٹ کے اس منصوبے کا تسلسل ہے جس کا مقصد ایک باشعور قرآنی نسل کی تربیت کرنا اور اس پروجیکٹ کے جغرافیائی دائرہ کار کو وسعت دینا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید احمد الموسوی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ نے صوبہ مثنیٰ کی مختلف شہروں و نواحی علاقوں میں 'اشبال العمید' پروجیکٹ کے تحت کئی کورسز شروع کیے ہیں۔ ان کورسز کا مقصد نئی نسل کو قرآنی ثقافت سے روشناس کرانا اور فقہ، عقائد اور اخلاقیات کے اسباق فراہم کرنا ہے، تاکہ حقیقی اسلامی اقدار پر کاربند ایک باشعور نسل کی تعمیر میں مدد مل سکے۔
واضح رہے کہ تحصیل 'الخضر' میں جاری ان کورسز کے دوران انسٹی ٹیوٹ کے ایک وفد نے فیلڈ وزٹ بھی کیا، تاکہ کورسز کے تنظیمی طریقہ کار، طلبہ کو پڑھائے جانے والے اسباق کی نوعیت اور ان کی دلچسپی و ردعمل کا جائزہ لیا جا سکے۔





