روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)کے شعبہ تربیت واعلی تعلیم سے وابستہ الکفیل یونیورسٹی کی جانب سے حضرت امام محمد باقر(علیہ السلام) اور سفیرِ کربلا حضرت مسلم بن عقیل (علیہ السلام) کے یوم شہادت کی مناسبت سے مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مجلس عزاء شعبہ نفسیاتی مشاورت اور تعلیمی رہنمائی کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر نورس محمد شهيد الدهان ،علمی معاون ڈاکٹر نوال عائد المیالی، متعدد شعبہ جات کے سربراہان، پروفیسرز اور ملازمین اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مجلس کا آغاز قاری مہند المیالی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد خطیب حسینی سيد جعفر المروج نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امام امام محمد باقر (علیہ السلام) کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ذکر کیا کہ کس طرح امامؑ نے خانوادۂ نبوت میں پرورش پائی اور اپنے دور میں علم و معرفت کی ترویج و اشاعت میں وہ بے مثال کردار ادا کیا جس کی وجہ سے آپ کو باقر العلوم کہا جاتا ہے۔
انہوں نے سید الشہداء امام حسین (علیہ السلام) کی حمایت میں حضرت مسلم بن عقیل (علیہ السلام ) کی شجاعت، استقامت اور بے مثال قربانی کا تفصیلی تذکرہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ الکفیل یونیورسٹی اہل بیت (علیہم السلام) کی تمام مناسبات بشمول جشن ولادت اور ایامِ شہادت کے احیاء کے لئے تیار کردہ شیڈول کے مطابق محققین، مبلغین اور مفکرین کی میزبانی کرتے ہوئے پروگرامز اور عزائی تقریبات کا انعقاد کرتی ہے۔








