روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلیکس نے نجف اشرف میں اسلامی تعلیم کے اساتذہ کے لیے اپنے چھٹے پیشہ ورانہ ترقیاتی کورس کا اختتام کیا ہے۔
اس اختتامی تقریب کا اہتمام علمی کمپلیکس سئے منسلک قرآن انسٹی ٹیوٹ نجف نے کیا تھا، جس میں ممتاز علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قاری محمد علی راشد نے تلاوت کلام پاک سے کیا، اس کے بعد کمپلیکس کےتعلیمی معاون ڈاکٹر ابراہیم مرزہ التمیمی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایسے اساتذہ کی تیاری کے لیے ان کورسز کی اہمیت پر زور دیا جو جدید علمی و تربیتی مہارتیں رکھتے ہوں اور معاصر تدریسی تقاضوں کے مطابق طریقہ ہائے تدریس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں۔
تقریب کے دوران ایک دستاویزی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں اس کورس کے اہم مراحل، تربیتی سرگرمیوں اور شرکاء کو دیے گئے تخصصی لیکچرز کا احاطہ کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اساتذہ کی مہارتوں کو نکھارنے والے علمی مواد کی تیاری میں کی جانے والی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
تقریب کا اختتام لیکچررز اور شرکاء میں اعزازات تقسیم کرنے کے ساتھ ہوا، اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تعلیمی سفر کی حمایت اور باصلاحیت و بااثر اساتذہ کی تیاری میں معاون ایسے ترقیاتی اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔














