روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے وابستہ قرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے نجف اشرف میں حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) اور سفیرِ کربلا، حضرت مسلم بن عقیل (علیہ السلام) کے یومِ شہادت کی مناسبت سے دو مجالسِ عزاء کا اہتمام کیا گیا۔ ان مجالس میں نجف اشرف کی ممتاز دینی و سماجی شخصیات اور علماء و فضلاء سمیت مومنین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ان مجالس کا انعقاد علمی کمپلیکس سے وابستہ قرآن انسٹی ٹیوٹ نجف اشرف کے زیرِ اہتمام کیا گیا تھا۔
قرآن انسٹی ٹیوٹ کے تلاوت یونٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی اس سلسلے کی پہلی مجلس کا آغاز قاری علی الزبیدی نے قرآن پاک کی روح پرور تلاوت سے کیا۔ اس کے بعد شیخ محمد الخویلدی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امام محمد باقر علیہ السلام اور حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کی سیرت طیبہ، ان کے علمی فضائل اور بلند مقام و مرتبہ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اہل بیت (علہم السلام) کے علوم و تعلیمات کی ترویج و اشاعت میں ان دونوں عظیم ہستیوں کے لازوال کردار اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کا تذکرہ کیا۔
انسٹی ٹیوٹ کے حفظ قرآن اور رہنمائی یونٹ نے اس سلسلے کی دوسری مجلس کا انعقاد کیا، جس کا آغاز طالب علم علی رضا احمد نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا۔ سید مہدی البعاج نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امام محمد باقر علیہ السلام اور حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کی سیرت کے علمی و فکری پہلوؤں کا احاطہ کیا، اور آلِ محمد علیہم السلام کے علوم کی ترویج و اشاعت کی راہ میں ان دونوں ہستیوں کو پیش آنے والی مشکلات و مصائب کا ذکر کیا۔
دونوں مجالس کے اختتام پر ائمہ اہل بیت (علہم السلام) کے ایام اور ان سے منسوب شعائر کو زندہ رکھنے کی اہمیت پر خصوصی زور دیا گیا؛ کیونکہ یہ مناسبتیں ایسے تربیتی اور فکری پیغامات کی حامل ہوتی ہیں جو معاشرے میں مذہبی شعور اور اخلاقی اقدار کو جلا بخشتے ہیں۔ اس موقع پر شرکاء نے قرآنی ثقافت کو معاشرے میں راسخ کرنے اور ائمہ اطہار (علہم السلام) کی سیرتِ طیبہ سے عملی وابستگی کو مضبوط بنانے کے لیے فکری و تبلیغی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











