العمید ایجوکیشنل گروپ کی جانب سے کنڈرگارٹن کے بچوں کے لیے گریجویشن تقریب کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ تربیت و اعلیٰ تعلیم سے منسلک 'العمید ایجوکیشنل گروپ' کی جانب سے کنڈرگارٹن کے بچوں کے لیے تعلیمی سال 2025-2026ء کے اختتام پر ایک گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مذکورہ تعلیمی سال کے دوران، 'العمید ایجوکیشنل گروپ' نے ننھے بچوں کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے اپنےخصوصی تعلیمی و تربیتی نصاب 'منہج نحو القمر' کے تحت جدید علمی، فکری اور عملی سرگرمیوں کا ایک جامع نظام ترتیب دیا تھا، جن کا بنیادی مقصد بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور ان کی ابتدائی تربیت کو اسلامی و انسانی بنیادوں پر استوار کرنا تھا۔

یہ پروقار تقریب (نحو القمر غرس فسقي فثمر – دفعة أنوار الغدير) کے شعار کے تحت منعقد ہوئی، جس میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے سیکرٹیری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین، متعدد شعبہ جات کے سربراہان، دیگر اعلیٰ حکام، ممتاز سرکاری شخصیات اور طلباء کے والدین نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قاری حیدر البزونی نے تلاوتِ قرآن مجید سے کیا، جس کے بعد عراق کا قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کا مخصوص ترانہ پڑھا گیا۔ جس کے بعد العمید ایجوکیشنل گروپ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسن داخل الحسناوی نے گروپ کی جانب سے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ والدین اور اسکول کے درمیان رابطہ و تعاون تعلیمی عمل کی کامیابی کا ایک بنیادی ستون ہے۔
جس کے بعدخصوصی تعلیمی و تربیتی نصاب 'منہج نحو القمر' سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔

تقریب کی دیگر سرگرمیوں میں کنڈرگارٹن' نور العباس ' کے بچے مصطفیٰ حیدر محمد نے نہایت خوبصورت انداز میں قرآن پاک کی تلاوت کی۔ العمید کنڈرگارٹن/القمر برانچ ' کے ننھے طلباء نے (خبرات نحو القمر) اور (التضحية من أجل الوطن) کے عنوان سے دو تھیٹر پرفارمنسز پیش کیں۔ جبکہ 'روضہ العمید کنڈرگارٹن/الجود برانچ' کے بچوں نے (عالم مسخّر لنا) اور (عطايا صاحب الجود) کے عنوان سے دو خاکے پیش کیے۔ اسی طرح 'کنڈرگارٹن نور العباس ' کے بچوں نے (الفصول الأربعة) کے عنوان سے ایک خوبصورت ٹیبلو پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر ایک انتہائی جذباتی اور خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا جب فارغ التحصیل ہونے والے بچوں نے روایات کو برقرار رکھتے ہوئے کنڈرگارٹن کا پرچم نئے تعلیمی سال میں آنے والے ننھے بچوں کے سپرد کیا، جس کے بعد تمام بچوں نے مل کر ایک خوبصورت اور پُر اثر اجتماعی نظم "مَنْ مِثْلِي" پڑھی۔

واضح رہے کہ العمید ایجوکیشنل گروپ ایسے نصاب اور پروگراموں کو اپناتے ہوئے تعلیمی و تربیتی معیار کو بلند کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، جو متنوع علمی، عملی اور اخلاقی پہلوؤں میں بچوں کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی فکری مہارتوں کو درست سمت میں پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: