نجف اشرف میں واقع علوی کمپلیکس کے ہال میں مرحوم آیت اللہ شیخ محمد اسحاق فیاض (رضوان اللہ علیہ) کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے مجلس ترحیم وفاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا۔
اس مجلس میں روضۂ حضرت عباس (علیہ السلام) کے متولیِ شرعی، علامہ سید احمد صافی ، حوزہ علمیہ کے اساتذہ، طلباء، بزرگ علمائے کرام، اکابرین، علمی و سرکاری شخصیات اور مومنین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکائے مجلس نے مرحوم کے اہلِ خانہ، عقیدت مندوں اور شاگردوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی کہ وہ مرحوم کو اپنی رحمتِ واسعہ کے سائے میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ اعلیٰ دینی قیادت حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) نےآیت اللہ شیخ محمد اسحاق فیاضؒ (رضوان اللہ علیہ ) کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے مرحوم کی علمی خدمات، حوزۂ علمیہ کی خدمت اور علومِ اہلِ بیتؑ کی ترویج و اشاعت کے لیے ان کی گراں قدر کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

































