تیرہ محرم الحرام: روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے شعبہ طبی امورکی جانب سے زائرین کے لیے جامع میڈیکل پلان اور ہنگامی طبی انخلاء کے انتظامات مکمل

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ طبی امور نے ماہِ محرم الحرام کی تیرہویں تاریخ، حضرت امام حسین (علیہ السلام)، آپ کے اہلِ بیتِ اطہار (علیہم السلام) اور اصحابِ باوفا کے اجسادِ مطہر کے یومِ تدفین کی مناسبت پر زائرین کو طبی خدمات کی فراہمی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع طبی انخلا منصوبہ مرتب کیا ہے۔

شعبے کی سربراہ ڈاکٹر حیفاء التمیمی نے بتایا کہ تیرہ محرم کی زیارت کے لیے تیار کیے گئے طبی انخلا منصوبے کے تحت روضہ مبارک حضرت ابو الفضل العباس (علیہ السلام) کے صحنِ مطہر کے اندر ابتدائی طبی انخلا کے لیے 75 رضاکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جنہیں بابِ امام محمد الجواد (علیہ السلام)، بابِ امام حسین (علیہ السلام) اور بابِ کف پر تعینات کیا گیا ہے، تاکہ ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل کو یقینی بنایا جا سکے اور ضرورت پڑنے پر طبی انخلا کی کارروائیوں کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شعبے نے پیرامیڈیکل عملے کے ساتھ پانچ چھوٹی اور پانچ بڑی ایمبولینس گاڑیاں بھی مختص کی ہیں۔ سنیز خواتین کے طبی مراکز میں کام کرنے کے لیے 65 خواتین رضاکاروں کو تربیت دی گئی ہے جن میں ڈاکٹرز، فارماسسٹ، نرسیں اور ہیلتھ سٹاف شامل ہیں۔ یہ خواتین طبی انخلاء میں معاونت، زائرین کو صحت کی خدمات فراہم کرنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔

ڈاکٹر التمیمی نے بتایا کہ شعبے سے وابستہ تمام طبی مراکز زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے اور طبی و ہنگامی خدمات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان مراکز میں سید جعفر الحلی ایمرجنسی میڈیکل سروسز سینٹر، خواتین کے لیے الصدیقہ الطاہرہ (سلام اللہ علیہا) میڈیکل سینٹر، مردوں کے لیے ام البنین (سلام اللہ علیہا) میڈیکل سینٹر اور حضرت ابوالفضل العباس (علیہ السلام) میڈیکل یونٹ شامل ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: