روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مرکزی دروازوں پر حضرت فاطمہ زہراء(س) کے یوم شھادت کے حوالے سے دسیوں میٹر بڑے بینرز

حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کی شھادت کی یاد میں پورے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں سوگ کے مظاہر واضح ہیں اور ہر طرف سیاہ چادریں اور سیاہ عَلَم دکھائی دے رہے ہیں۔ خاتم الانبیاء علیھم السلام کی اکلوتی بیٹی کی المناک شھادت کو مد نظر رکھتے ہوئے پورے روضہ مبارک میں روشنیوں کا رنگ سرخ کر دیا گیا ہے اور باب القبلہ اور باب امام حسین(ع) پر دسیوں میٹر بڑے بینرز بھی آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے باب القبلہ پر 28 میٹر لمبا اور 6 میٹر چوڑا عزائی بینر نصب کیا گیا ہے جس پر یہ عبارت لکھی ہوئی ہے:(السلام عليك أيّتها الصدّيقةُ الشهيدة) اور اس بینر کی جوانب پہ جلی الفاظ میں (يا فاطمة الزهراء) مکتوب ہے۔

جب کہ روضہ مبارک کے ما بین الحرمین میں کھلنے والے مرکزی دروازے باب امام حسین علیہ السلام کے اوپر 16 میٹر لمبا اور 6 میٹر چوڑا عزائی بینر نصب ہے جس پر سرخ رنگ میں یہ عبارت لکھی ہوئی ہے:(السلام عليك أيّتها الصدّيقة الشهيدة) جب کہ اس بینر کے جوانب میں سبز رنگ میں ( ريحانة النبيّ) مکتوب ہے۔

واضح رہے کہ شیخ اسماعیل انصاری زنجانی نے اپنی کتاب موسوعۃ الکبریٰ عن فاطمہ الزہرہ سلام اللہ علیھا جلد15 صفحہ 13 میں حضرت فاطمہ کی تاریخ شھادت کے بارے میں متعدد اقوال درج کئے ہیں اور 615 کتابوں سے ان کے حوالہ جات بھی لکھے ہیں۔
البتہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی تاریخ شھادت کے بارے میں ہمارے ہاں 3 قول زیادہ شہرت کے حامل ہیں:
پہلا قول:مذکورہ بالا کتاب میں 54 مصادر سے نقل کرتے ہوئے مذکور ہے کہ حضرت فاطمہ کی شھادت 8 ربیع الثانی کو ہوئی۔ اس قول کے مطابق حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا رسول خدا(ص) کے دنیا سے جانے کے بعد صرف 40 روز تک زندہ رہیں۔
دوسرا قول: مذکورہ بالا کتاب میں 108 مصادر سے نقل کرتے ہوئے مذکور ہے کہ حضرت فاطمہ کی شھادت 13 جمادی الاول کو ہوئی۔ اس قول کے مطابق حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا رسول خدا(ص) کے دنیا سے جانے کے بعد صرف 75 روز تک زندہ رہیں۔
تیسرا قول: مذکورہ بالا کتاب میں 72 مصادر سے نقل کرتے ہوئے مذکور ہے کہ حضرت فاطمہ کی شھادت 3 جمادی الثانی کو ہوئی۔ اس قول کے مطابق حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا رسول خدا(ص) کے دنیا سے جانے کے بعد صرف 95 روز تک زندہ رہیں۔
عراق اور دنیا کے دوسرے تمام ممالک میں اہل بیت علیھم السلام کے چاہنے والے مذکورہ بالا تینوں تاریخوں میں رسول خدا(ص) کی اکلوتی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کا یوم شھادت نہایت عقیدت و احترام سے مناتے ہیں اور مجالس عزا برپا کر کے رسول خدا(ص) اور اہل بیت علیھم السلام کو اس المناک مصیبت کا پرسہ پیش کرتے ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: