روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے پیغمبرِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور ان کے نواسے امام جعفر صادق (علیہ السلام) کے جشن میلاد کی مناسبت سے سالانہ مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ پروقار تقریب روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے باب قبلہ کے بیرونی صحن میں منعقد ہوئی، جس میں روضۂ مبارک کے مجلسِ ادارہ کے رکن ڈاکٹر افضل شامی، متعدد شعبہ جات کے سربراہان اور خدامِ روضہ کے علاوہ زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد روضہ مبارک کے جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے شیخ علی موحان نے خطاب کیا۔ انہوں نے حاضرین اور امتِ مسلمہ کو الصادقین (صلوات اللہ علیہما) کے جشنِ میلاد پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں سیرتِ صادقین (صلوات اللہ علیہما)، ان کے فضائل و مناقب اور دورانِ حیات پیش آنے والی مشکلات و مصائب پر روشنی ڈالی۔
روضہ مبارک کی مرکزی تقریبات کمیٹی کے رکن سید عقیل یاسری نے کہا کہ روضہ مبارک کے باب قبلہ کے بیرونی صحن میں منعقد ہونے والے اس جشن میں متعدد سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں تہنیتی خطابات، شعری قصائد اور اس بابرکت موقع کی مناسبت سے منظوم نذرانۂ عقیدت سرفہرست ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تقریب کے اختتام پر اس بابرکت مناسبت پر منعقدہ معلوماتی و ثقافتی مقابلے کے کامیاب شرکاء کو اعزاز سے نوازا گیا ۔ یہ مقابلہ روضہ مبارک حضرت عباس (ع)کے جنرل سیکریٹریٹ کے زیرِ اہتمام شعبہ فکری و ثقافتی امور کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا، جس میں 4500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ان میں سے 3600 شرکاء کے جوابات درست قرار پائے، کہ جنہیں قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا اور 10 کامیاب امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) ہمیشہ اہلِ بیت علیہم السلام سے منسلک مناسبتوں کو شایانِ شان طریقے سے منانے کا اہتمام کرتا ہے، تاکہ ان کی سیرت اور تعلیمات کو عام کیا جا سکے۔



















