پراجیکٹ کے ریذیڈنٹ انجینئر جناب حسین محمد باقر نے بتایا کہ انجینئرنگ پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کا عملہ مقامِ امام مہدی (عجّل اللہ فرجہ الشریف) کے عقب میں واٹر فلٹریشن اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے لیے پانی کا بنیادی ذریعہ مقامِ مقدس کے قریب بہنے والی نہر الحسينية ہوگی۔ اس منصوبے کا مقصد امام حسین علیہ السلام اور ان کے بھائی حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے روضہ ہائے مبارک پر آنے والے زائرین کے ساتھ ساتھ مقامی رہائشیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 500 کیوبک میٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ روضہ مبارک کے اس جامع منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت 'قدیم شہر کی تعمیر و ترقی اور بنیادی ڈھانچ کو بہتر بنا کر خدمات کے معیار کو بلند کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلانٹ پانی سے نمکیات، کثافتوں اور دیگر آلودگیوں کو ختم کر کے میٹھے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا، جس سے نہ صرف پانی کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ پانی کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے ان جامع منصوبوں کا حصہ ہے جن کا مقصد زائرین کی خدمت اور مقامی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پانی کے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور اسے مزید بہتر بنانا ہے۔



