روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین نے کہا ہے کہ سولر پینلز تیار کرنے والا "النور کارخانہ" تجدید پذیر توانائی کی صنعت کو مقامی بنانے اور قومی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی سمت میں ایک بنیادی اور انقلابی قدم ہے۔
انھوں نے کہا: آج ہم سولر پینلز کی تیاری کے ایک ایسے جدید ترین پلانٹ کا افتتاح کر رہے ہیں جو عراق میں اپنی نوعیت کا پہلا پلانٹ ہے۔ یہ منصوبہ کلین انرجی کی ٹیکنالوجی کو ملکی سطح پر منتقل کرنے اور قومی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کی طرف ایک بنیادی پیش رفت ہے۔ یہ کارخانہ اس اہم شعبے میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کا ایک بڑا تحفہ اور مخلصانہ قومی کوششوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اس منصوبے کی اصل اہمیت بجلی کی قلت کو دور کرنے اور ایک پائیدار مقامی متبادل فراہم کرنے میں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ عراقی معیشت کی بحالی اور ملکی سرمائے کو بیرونِ ملک جانے سے روکنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ کارخانہ سولر سسٹمز کی قیمتوں میں کمی لانے، مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور عراقی ماہرین کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا باعث بنے گا۔
سیکرٹری جنرل نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے متولی شرعی اور اعلی دینی قیادت کے خصوصی نمائندے علامہ سید احمد صافی کی ہدایات کے عین مطابق ہیں، جو ہمیشہ عراقی ذہنوں کی حوصلہ افزائی کرنے، مقامی صنعتوں میں ملکی توانائیوں پر انحصار کرنے، وطنِ عزیز کی خدمت کرنے اور بالخصوص دور دراز کے پسماندہ علاقوں تک بجلی پہنچانے پر زور دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ "النور سولر پینل فیکٹری" روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے ان تزویراتی منصوبوں میں سے ایک ہے، جس کا بنیادی مقصد کلین انرجی ٹیکنالوجی کو عراق میں متعارف کروانا اور مقامی مارکیٹ کی ضروریات کو خود کفالت کے ساتھ پورا کرنا ہے۔












