کربلا کے صحرا میں الساقی زرعی منصوبہ: شمسی توانائی کے ذریعے 40 ہزار کھجور کے درختوں کی آبپاشی

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے منسلک "الساقی زرعی منصوبہ" کربلا کے صحرا کے وسط میں واقع تقریباً 40 ہزار کھجور کے درختوں کی آبپاشی کے لیے مکمل طور پر شمسی توانائی پر انحصار کر رہا ہے۔

منصوبے کے تکنیکی معاون، انجینئر علاء مدحت کے مطابق الساقی زرعی منصوبہ غیر آباد اور بنجر صحرائی زمین پر قائم کیا گیا تھا۔ روضہ مبارک کے انجینئرنگ پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کی نگرانی میں اس منصوبے کا آغاز سنہ 2017ء میں پہلا پودا لگا کر کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا رقبہ 11,000 دونم ہے، اور اس میں کھجور کے تقریباً 40،000 درخت شامل ہیں جو مقامی اور درآمد شدہ عرب کھجوروں کی 100 سے زائد اقسام پر مشتمل ہیں۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد کھجور کی مختلف نایاب و اعلیٰ اقسام کی کاشت اور ان کی افزائشِ نسل ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ منصوبہ درختوں کی سیرابی کے لیے زیرِ زمین کنوؤں کے پانی پر منحصر ہے، جسے ڈرپ اریگیشن کے جدید نظام کے تحت استعمال کیا جاتا ہے۔ کنوؤں سے پانی نکالنے اور واٹر پمپ چلانے کے لیے مکمل طور پر شمسی توانائی سے بجلی حاصل کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں جدید ترین اور اعلیٰ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جو عراق کو درپیش توانائی اور بجلی کے بحران کے تناظر میں ایک انتہائی موزوں اقدام ہے۔ پروجیکٹ انتظامیہ نے آبپاشی اور دیگر تمام ضروری امور کے لیے درکار برقی توانائی کی فراہمی کے لیے ماحول دوست اور قابلِ تجدید توانائی کو اپنانے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ "الساقی زرعی منصوبہ" روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ان اہم اقدامات میں سے ایک ہے جس کا مقصد عراق، بالخصوصوبہ کربلا میں زرعی شعبے کی بحالی و ترقی ہے۔ کھجور کی کاشت ، اس کی پیداوار میں اضافے اور مختلف اقسام کے تحفظ کے ذریعے یہ منصوبہ مقامی پیداوار کو تقویت دینے اور عراقی منڈی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: