روضہ مبارک حضرت عباس کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس کا عملہ کربلا کے امام حسین علیہ السلام میڈیکل سٹی میں کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کے علاج کے لئے فورتھ الحیات یونٹ کے منصوبے پر تیزی سے کام کر رہا ہے تا کہ اس عالمی وبا کا مقابلہ کرنے میں فرنٹ لائنز پر موجود میڈیکل سٹاف کو معاونت فراہم کرنے کے لئے اس طبی منصوبے کو جلد از جلد پائہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
فورتھ الحیات یونٹ تکمیلی مرحلے میں پہنچ گیا ہے اور اگلے کچھ دنوں میں اس کورونا یونٹ کو محکمہ صحت کربلا کے حوالے کردیا جائے گا۔ یہ منصوبہ تکنیکی اور طبی اعتبار سے بین الاقوامی معیار اور وزارت صحت کی سفارشات کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد کربلا گورنریٹ میں صحت کی سہولیات میں اضافہ کرنا، ان کی طبی صلاحیت کو بڑھانا اور گورنریٹ میں کوویڈ 19 سے متاثرہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ایڈجسٹ کرنا اور دیگر کورونا یونٹس پر دباؤ کم کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
اس طبی منصوبے کے نگران انجینئر محمد مصطفی الطویل نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "ہم اس منصوبے کے تکمیلی مراحل پر پہنچ چکے ہیں۔ ہمارے عملے نے شدید گرم موسم، ورکرز کی محدود تعداد ، کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے نافذ کئے جانے کرفیو کی وجہ سے نقل و حمل کی مشکلات اور ہائی رسک ایریاز میں کام کرنے کے باوجود منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لئے اپنی پوری کوشش کی ہے۔ "
انہوں نے مزید کہا: "فورتھ الحیات یونٹ میں پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم، تھرمل انسولیشن کے لئے عمارت کی بیرونی دیواروں پتھر کی تنصیب، بجلی کی وائرنگ اور
تازہ ہوا کے نظام پر کام اب بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ عمارت کے کوریڈورز میں ووڈ ورکس اور گراؤنڈ کو ایپوکسی سے ڈھکنے کے لئے بھی تیاری کی جا چکی ہے۔
انہوں نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا ، "روضہ مبارک حضرت عباس کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کی ورکشاپس عمارت کے تمام کمروں اور کلینکس کے طبی یا انتظامی سامان اور فرنیچر کی تیاری پر ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔"