روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ انجینئر سمیر عباس نے اعلان کیا کہ انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کا عملہ دارالحکومت بغداد کے ابن القف اسپتال میں پانچویں الحیات کورونا کی بروقت تکمیل کے لئے ہر ممکن کوشش کررہا ہے اورمنصوبے پرکام مرتب کردہ شیڈول اور مطلوبہ تکنیکی اور طبی مواصفات کے مطابق مسلسل جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ شدید گرم موسمی حالات، وائرس ٹرانسمیشن کے لحاظ سے ہائی رسک ایریا میں ہونے، مواد تک رسائی کی مشکلات اور بابل اور مثنی گورنریٹس میں جاری طبی منصوبوں کے باعث کارکنوں کی کمی کے باوجود اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے ہمارا عملہ غیر معمولی کوششیں کر رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ یہ منصوبہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اور کوئی بھی مشکل یا رکاوٹ منصوبے کی تعمیر میں حائل نہیں ہو رہی بلکہ یہ عمارت اس ماہ کے آخر میں مکمل کر لی جائے گی۔
اس منصوبے کے نگران انجینئر کرار بریہی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبےکا 80 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ یہ یونٹ 5000 مربع میٹر کے وسیع رقبے اور 118 انفرادی کمروں اور بیس سے زیادہ طبی ، انتظامی اور خدماتی کمروں پر مشتمل ہے۔ یہ منصوبہ تکمیل کےآخری مراحل میں ہے اور آنے والے دنوں میں عمارت کے بیرونی حصے کی تغلیف، باغبانی کے آغاز کے لئے جگہیں تیار کرنا اور ڈیزائن کے مطابق دیگر کام کئے جائیں گے۔
اس منصوبے کی بر وقت تکمیل کے لئے یونٹ کو تین حصوں میں ترتیب دیا گیا ہے اور بیک وقت تینوں حصوں پر کام تیزی سے جاری ہیں۔
اس منصوبے کے پہلے حصے کا رقبہ 1377 مربع میٹر ہے اور اس میں 56 انفرادی کمرے ہیں ، اس حصے کا 85٪ سے زیادہ کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
اس منصوبے کے دوسرے حصے کا رقبہ بھی 1377 مربع میٹر ہے اور یہ 56 انفرادی کمروں پر مشتمل ہے اس حصے کا 75٪ سے زیادہ کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
منصوبے کا تیسرے اور آخری حصے کا 65 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ حصہ 1000 مربع میٹر سے زائد اور (19) کمروں پر مشتمل ہے جن میں سے کچھ کمرے مریضوں کے لئے ہیں جبکہ باقی کمرے انتظامی اور خدماتی امور لئے مختص کئے گئے ہیں۔ جبکہ راہداری سمیت دیگر حصوں پر90 فیصد کام کیا جا چکا ہے اور باغبانی کے لئے مختص جگہوں کی تیاری کا عمل بھی حتمی مراحل میں ہے۔