عراق کے دارالحکومت بغداد میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے تعمیر کیے جانے والے پانچویں الحیات کورونا یونٹ کی تعمیر کا کام اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے اور اس پر ہر روز مسلسل سولہ گھنٹے تک کام کیا جا رہا ہے۔ یہ کورونا یونٹ رصافہ میں ابن القف ہسپتال کے ساتھ بنایا گیا ہے تاکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کا یہاں علاج کیا جا سکے۔
یہ کورونا یونٹ (5000) مربع میٹر پر مشتمل ہے کہ جس میں ایک سو اٹھارہ (118) کمرے مریضوں کے لیے بنائے گئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ خدماتی عملے کے لیے الگ سے بیس (20) کمرے تعمیر کیے گئے ہیں۔
اس منصوبے پر کام کرنے والے انجینیئر کرار بریھی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ اس منصوبے پر کام کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور ان سب پر بغیر کسی وقفے کے روزانہ کام کیا جا رہا ہے اور درجہ حرارت بہت زیادہ بڑھنے کے باوجود ہمارے ساتھی بغیر کسی وقفے کے اپنے کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس منصوبے کے پہلے حصے کا رقبہ 1377 مربع میٹر ہے اور اس میں 56 انفرادی کمرے ہیں ، اس حصے کا 95٪ سے زیادہ کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
اس منصوبے کے دوسرے حصے کا رقبہ بھی 1377 مربع میٹر ہے اور یہ 56 انفرادی کمروں پر مشتمل ہے اس حصے کا 90٪ سے زیادہ کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
منصوبے کا تیسرے اور آخری حصے کا 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ حصہ 1100 مربع میٹر سے زائد اور (19) کمروں پر مشتمل ہے جن میں سے کچھ کمرے مریضوں کے لئے ہیں جبکہ باقی کمرے انتظامی اور خدماتی امور لئے مختص کئے گئے ہیں۔
واضح رہے یہ طبی منصوبہ بغداد گورنریٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو وائرس کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے معاونت فراہم کرنے اور اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے لئے انتظامی اور طبی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لئے اعلی دینی قیادت اور ان کے قریبی نمائندے علامہ سید احمد صافی کی خصوصی ہدایات پر انسانی ہمدردی کے طور پر شروع کیا گیا۔