روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے نجف کے الصدر ٹیچنگ اسپتال میں 105 کیوبک میٹر / گھنٹہ پیداواری صلاحیت کے حامل آکسیجن پلانٹ کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے

آج بروز جمعہ ( 7 صفر 1442 ہجری) بمطابق (25 ستمبر 2020) کو نجف گورنریٹ کے الصدر ٹیچنگ اسپتال میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے لگائے گئے آکسیجن پروڈکشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا، اس پروڈکشن پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 105 کیوبک میٹر فی گھنٹہ ہے جو کہ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے میں اہم کردار اداکرے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وبا سے متاثرہ افراد کے علاج اور طبی عملے کو معاونت فراہم کرنے کے لئے یہ آکسیجن پروڈکشن پلانٹ اعلی مذہبی قیادت کی براہ راست ہدایات پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی جناب سید احمد صافی کی نگرانی میں انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کےعملےنے لگایا ہے.
آرتھوپیڈکس اینڈ ٹرومیٹولوجی ٹریننگ سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عدنان الکالبی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: “یہ پلانٹ اعلی مذہبی قیادت سید علی السیستانی کی براہ راست ہدایت پر لگایا گیا ہے۔ ہم نے خصوصی ملاقات کے دوران عراق اور خاص طور پر نجف گورنریٹ میں صحت کی صورتحال کے بارے میں ان سے بات کی ، جس میں گورنریٹ کے الصدر ٹیچنگ اسپتال سمیت متعدد اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کےعلاج کے لئے درکار آکسیجن کی کمی کو جلد از جلد پورا کرنے کے لئےاقدامات کرنے کی اپیل کی۔ ہماری اس درخواست پر اعلی دینی قیادت کے دفتر کی جانب سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سید احمد الصافی کو آکسیجن پروڈکشن پلانٹ کے قیام کے لئے فوری ہدایت کی گئی اور آج ہم روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سید احمد الصافی اورانجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کےعملے کی خصوصی کاوشوں کی بدولت نہایت مختصر وقت میں لگائے گئے اس پلانٹ کے افتتاح کا مشاہدہ کر رہے ہیں ، جو اسپتال کی طبی صلاحیتوں کو بڑھانے اور آکسیجن مہیا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ "
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے میڈیکل افیئرز ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر اسامہ عبد الحسن نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: " ہم نے ہسپتال کی طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس آکسیجن پلانٹ کی تنصیب کی ہے۔ یہ جدید آکسیجن سسٹم الیکٹریکلی کنٹرول کیا جاتا ہے جیسے خصوصی ٹرانسمیشن لائنز کے ذریعہ اسپتال کے مرکزی نظام سے منسلک کیا گیا ہے، تاکہ گیس کی مقدار کو مرکزی طور پر کنٹرول کیا جاسکے۔ "
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے انجینئر علی نور رزاق نے اس سلسلے میں مزید کہا: یہ پلانٹ جدید ترین نظام پر مشتمل ہے اور اس میں آکسیجن پیدا کرنے کے لئے تین یونٹ ہیں۔ یہ آکسیجن سسٹم PSA ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتا ہے، جس میں آکسیجن کو دوسری گیسوں سے الگ کرنے بعد باقی رہ جانے والی گیسوں کو جذب کرلیا جاتا ہے اور صرف آکسیجن کو آگے منتقل کیا جاتا ہے۔ اس پروڈکشن پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 105 کیوبک میٹر فی گھنٹہ ہے جو کہ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے میں اہم کردار اداکرے گا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: