بروز جمعہ (12 ربیع الاول 1442 ہجری) بمطابق (30 اکتوبر 2020 عیسوی) کو حضرت علی(ع) کے صحابی جناب ’’اثیب یمانی‘‘ (رضي اللہ عنہ) المعروف بـ(صافي صفا) کی نئی ضریح کا افتتاح ایک مختصر تقریب کے دوران کیا گیا کہ جس میں متعدد نامور علمی، دینی، سماجی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔
اس نئی ضریح کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ضریح سازی و ابواب کے سیکشن کے ماہرین نے تیار کیا ہے اور اس کی تیاری میں بڑی مقدار میں سونے اور چاندی کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔
نجف اشرف میں موجود جناب صافی صفا کے مزار کے اداری انچارج الحاج عبد الحسن شنون نے الکفیل نیٹ ورک سے گفتگو کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور ضریح ساز ماہرین کا شکریہ ادا کیا اور عراق میں عراقی ماہرین کے ہاتھوں اس کے بنائے جانے کو قابل فخر قرار دیا۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے معاون سیکرٹری علی صفار نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اس نئی ضریح کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ضریح سازی و ابواب کے سیکشن کے ماہرین نے تیار کیا ہے اور اس سے پہلے یہ سیکشن شيخ مفيد، خواجہ شیخ طوسی، جناب قاسم بن امام موسى کاظم(عليه السلام) اور مقام امام مہدی(عجّل الله فرجه الشريف) کی ضریح بنا کر نصب کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ امام موسی کاظم(ع) اور امام محمد تقی(ع) کی ضریح مبارک کی ترمیم و طلاء کاری کا کام بھی اسی سیکشن نے کیا اور اس وقت جناب عباس(ع) کے بازوؤں کے قلم ہونے کے مقام اور حضرت زینب(ع) کی قبر اقدس کے لیے نئی ضریحاں تیار کی جا رہی ہیں۔