روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے ضریح وابواب سازی کے سیکشن نے حضرت عباس (علیہ السلام) کے بائیں بازو کے قلم ہونے کے مقام کے لیے نئی ضریح بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ منفرد ڈیزائن اور پائیدار ترین ساخت کے ساتھ یہ ضریح اس سیکشن کے ماہرین کے ہاتھوں سے انجام پائے جانے والے والے کاموں میں ایک اور کام کے اضافے کا باعث بنے گی۔
مذکورہ بالا سیکشن کے انچارج سید ناظم غرابی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے سیکرٹریٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ہمارے سیکشن کے ماہرین نے حضرت عباس (علیہ السلام) کے بائیں بازو کے قلم ہونے کے مقام کے لئے نئی ضریح بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ اس مقام کے لیے بنائی جانے والی ضریح کے لیے جس ڈیزائن کو منظور کیا گیا ہے اس میں حضرت عباس (علیہ السلام) کی قبر اقدس پر نصب ضریح کے نقش و نگار بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ هشت ضلعی (Octagon) شکل میں بننے والی اس ضریح کا قطر (3 میٹر) اور اونچائی (2.85 میٹر) ہے جس میں اس کا بالائی حصہ بھی شامل ہے۔