روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس اینڈ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے قبلہ اسٹریٹ میں واقع پہلے سے حاصل کی گئی عمارتوں کو منہدم کرنے کے لئے ابتدائی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام آنے والے زائرین کی خدمت کے لئے ایک نئی جگہ کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔ قبلہ اسٹریٹ میں زائرین کرام کے لئے نئی اور اضافی جگہ کی فراہمی کا یہ کام روضہ مبارک کے توسیعی منصوبے کا حصہ ہے۔
مذکورہ بالا محکمہ میں کنسٹرکشن ورکس ڈویژن کے سربراہ انجینئر محمد مصطفی الطویل نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نئی جگہوں کی فراہمی کے لئے توسیع، تعمیر، ترقی اور بحالی کے یہ تمام کام مخصوص ایام زیارت خاص طور پر زیارت اربعین کے دوران شدید رش کو کم کرنے،زائرین کی نقل حرکت کو رواں اور سہل بنانے اور مراسم زیارت کی ادائیگی کے لئے اضافی جگہیں فراہم کرتے ہوئے زائرین کو بہترین خدمات دینے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔ حرم مطہر کے ارد گرد خالی جگہوں کی ترتیب نو اور تعمیر و بحالی کے ذریعہ زائرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اضافی جگہیں تیار کی جا رہی ہیں۔ "
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ، یہ اضافی جگہ روضہ مبارک میں اب تک شامل ہونے والی جگہوں میں سب سے بڑی ہے اور یہاں موجود عمارتوں کومنہدم کرنے کے لئے محتاط اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ابتدائی اقدامات میں بجلی کی کیبلز ، پانی ، سیوریج اورٹرانسمیشن لائنز کو ہٹایا جا رہا ہےجس کے بعد انھیں منہدم کرنے ، ملبے کو ہٹانے اور اسے شہر کے مضافات میں منتقل کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔ یہ تمام کا مرتب کردہ منصوبے کے مطابق کئے جائیں گے تاکہ مزدوروں اور آس پاس کی عمارتوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
انھوں نے کہا کہ جن عمارتوں کو منہدم کیا جائے گا وہ سید الشہدا کمپلیکس اسٹریٹ (الصدقی صحن) کے اطراف سے عارضی پارکنگ تک سڑک کے دونوں طرف ہیں۔ دوسری طرف ، الجواد صحن کے ساتھ واقع عمارتیں سوق الالووی اسٹریٹ کے آغاز تک منہدم کردی جائیں گی اور ان اقدامات کی تکمیل کے بعد زائرین کے لئے اضافی جگہیں تیار کی جائیں گی ، جس کا تخمینہ ہزاروں میٹر لگایا گیا ہے۔ اس طرح یہ اضافی جگہیں مخصوص ایام زیارت کے دوران ہونے شدید رش کو کم کرنے میں کردار ادا کریں گی ، خاص طورپرباب قبلہ پر کیونکہ بیشتر زائرین اور ماتمی جلوس یہی سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں داخل ہوتے ہیں۔