روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ نے العمید یونیورسٹی کی نئی عمارت کے تعمیراتی منصوبے کے ابتدائی کاموں جیسے مٹی کی تحقیقات، اس منصوبے کے لئے بنیادوں کی گہرائی اور قسم کا اندازہ کرنے کے لئے مٹی کی خصوصیات ، زیر زمین پانی کی سطح اور دیگر تکنیکی امور وغیرہ، کا آغاز کر دیا ہے۔
انجینئرنگ پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ انجینئر ضیاء مجید الساعغ نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "کسی بھی منصوبے کے ڈیزائن اور دیگر تفصیلات کے لئے مٹی کا تجزیہ ایک ضروری عمل ہوتا ہے۔ العمید یونیورسٹی کی نئی عمارت کی تعمیرکے لئے یہ تجزیاتی عمل جاری ہیں۔ اور مٹی کے نمونے حاصل کرنے کے بعد انھیں ٹیسٹ اور تجزیئے کے لئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ "
انہوں نے مزید کہا: "یہ تمام ابتدائی تحقیقات ہمارے شعبہ سے منسلک الکفیل سنٹر فار اسٹڈیز، ریسرچ اینڈ انجینئرنگ کنسلٹیشن کے ذریعہ کی جا رہی ہیں۔ مٹی کی تہوں اور ان کی خصوصیات کا عمومی جائزہ لینے کے لئے سائٹ ایریا کے کئی مقامات پر (20 میٹر) گہرائی تک ڈرلنگ کی گئی اور ہر (1.5 میٹر) گہرائی کے بعد مٹی کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں اور انھیں جیو ٹیکنیکل ٹیسٹنگ اور تجزیئے کے لئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ "
انہوں نےاپنی بات کے اختتام پر کہا: "یہ منصوبہ طب ، دندان سازی اور نرسنگ کالجز کی عمارات اور ان کی لیبارٹریوں کے علاوہ ایک مرکزی لیبارٹری، دو دیگر کالجوں کی عمارات، ایڈمنسٹریشن بلاک، یونیورسٹی پریذیڈنسی، مرکزی لائبریری ، سبز زاروں اور تفریحی مقامات پر مشتمل ہے۔ یہ منصوبہ (40)دونم یعنی 4 ہیکٹرز پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لئے مقررہ مدت تین سال ہے۔ العمید یونیورسٹی کی نئی سائٹ بین الاقوامی معیار اور وزارت ہائر ایجوکیشن کے تقاضوں کے مطابق کربلا گورنریٹ میں ایک علمی آئیکون ہوگی اور طلباء کو مثالی تعلیمی ماحول فراہم کرے گی۔