روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب امام حسن(ع) کے بیرونی حصہ اور داخلی راہ داری کی کربلا کاشی سے آرائش کا کام 90 فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے اور باقی کام کو مکمل کرنے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔
اس بارے میں روضہ مبارک کے انجینیئرنگ پروجیکٹ سیکشن کے چیف انجینیئر ضیاء مجید صائغ نے الکفیل نیٹ سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اہم ترین باب "باب امام حسن(ع)" کی راہ داری کی دیواروں پر دیدہ زیب کربلائی کاشی کی تنصیب کے بعد اس کی چھت پر کاشی کاری کا کام شروع کر دیا گیا ہے کہ اس کے لیے سونے سے مزيّن کاشی کو دیدہ زیب ڈیزائن میں لگایا جا رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جاذب نظر اور دلوں کو موہ لینے والے ان نقش ونگار اور ڈیزائنز کی تثبیت ایک دقیق ترین عمل ہے کہ جو اس طرز تعمیر اور فن کے ماہرین کے ہاتھوں سے انجام پا رہا ہے اور اپنی تکمیل کے بعد یہ اسلامی وجدید طرز تعمیر کا ایک شاہکار ثابت ہو گا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں داخلے کے نو بیرونی دروازے ہیں جن میں سے ایک باب امام حسن(ع) بھی ہے، مذکورہ بالا سیکشن تمام بیرونی دروازوں کی توسیع وتعمیرِنو کے بعد مقررہ لائحۂ عمل اور ڈیزائن کے مطابق وہاں کاشی کاری وآرائش کا کام کر رہا ہے۔