روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے انجینیئرنگ پروجیکٹس سیکشن کے چیف انجینیئر ضياء مجيد الصائغ نے الکفیل نیٹ ورک کے نمائندے کو بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے زائرین اور حرم کے مہمانوں کی رہائش اور مختلف پروگراموں کے انعقاد کے لیے امام ہادی کمپلکس (مجمّع الإمام الهادي للضيافة) کا جو منصوبہ شروع کیا تھا اس کا 90% کام مکمل ہو گیا ہے اور اس کے کچھ حصوں کو اربعین امام حسین(ع) کے دوران زائرین کی خدمت، رہائش اور دوسرے مطلوبہ امور کے لیے کھول دیا گیا تھا۔
چیف انجینیئر نے اپنی گفتگو کے دوران بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تمام بنیادی اور اساسی کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں اور باقی رہ جانے والے کام نہایت معمولی نوعیت کے ہیں کہ جن کو جلد مکمل کرنے کے بعد اس کمپلکس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس کمپلکس کی تعمیر اور اسے ہر حوالے سے قابل استعمال بنانے کا ٹھیکہ دو عراقی کمپنیوں کو دیا گیا ہے جو "شركة طيبة كربلاء اور شركة الهدى للمقاولات العامّة" ہیں۔
یہ کمپلکس آٹھ منزلوں اور ایک بیسمنٹ پر مشتمل ہے اور اس میں متعدد ہال، اداری کاموں کے دفاتر، کئی سٹور، مرکزی و فرعی باورچی خانے اور رہائش کے لیے 110 کمرے ہیں۔