روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی توسیع و تعمیر کے منصوبوں میں روضہ مبارک کے مرکزی داخلی دروازوں کی توسیع اور تعمیر نو بھی شامل تھی کیونکہ زائرین کی دن بدن بڑھتی ہوئی تعداد اور خاص طور پر مختلف مناسبات پہ لاکھوں لوگوں پر مشتمل جلوسوں کے روضہ مبارک میں داخلے کے لیے پرانے مرکزی دروازوں کی وسعت کم پڑ گئی تھی۔
اس سلسلہ میں جن دروازوں کی توسیعی کے منصوبے کو زیادہ اہمیت دی گئی ان میں سے ایک باب امام حسن علیہ السلام بھی ہے کیونکہ یہ دروازہ روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے بالکل سامنے ہے اور عاشوراء، چہلم اور دیگر مناسبات کے موقع پہ تمام جلوس اسی دروازے سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں داخل ہوتے ہیں اور اسی مناسبت سے اس دروازہ کو ’’باب دخول المواکب‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔
اس دروازہ کی توسیع و تعمیر نو کے کام کو شرکت الارض القدس نامی ایک عراقی کمپنی نے مکمل کیا ہے اس دروازے سے روضہ مبارک میں داخل ہونے والے راستے کا مجموعی رقبہ 130م2 ہے اس کی تزیین و آرائش کے لیے دیدہ زیب کربلائی کاشی استعمال کی گئی ہے اور مختلف ڈیزائن اور خوبصورت نقش و نگار کے ذریعے اس کو مزین کیا گیا ہے۔ داخلی حصے میں دیدہ زیب اسلامی طرز تعمیر، عراقی رسم الخط میں آیات واشعار کی تختیوں اور دل لبھانے والے فانوسوں نے اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیے ہیں۔ دروازے کے بیرونی طرف اوپر (السَّلام عَلَيْكَ يَا ابْنَ أمِيرِ المُؤْمِنينَ) لکھا ہوا ہے۔