حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے تعاون سے منعقد ہونے والا نوجوانوں کا چوتھا سالانہ سیمینار دیوانیہ سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی کے 700سے زیادہ طالب علموں کی موجودگی میں اختتام پذیر ہو گیا

اختتامی تقریبات کا ایک منظر
عراق کے شہر دیوانیہ میں موجود مرکز امام الحسن علیہ السلام الثقافی کے ادارے نے حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے تعاون سے نوجوانوں کے چوتھے سالانہ سیمینار کا انعقاد کیا کہ جو 3جمادی الاول 1434ھ بمطابق 16مارچ 2013ء کو نجف کے راستہ پہ واقع مدینة زائری العتبة المقدسة کے ہال میں اختتام پذیر ہو گیا۔
اس سال سیمینار میں نوجوانوں کی دینی، اخلاقی اور ثقافتی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لیے بہت سی دینی، ثقافتی اور فکری سر گرمیاں دیکھنے میں آئیں۔
اس سیمینار میں شرکت کے لیے آئے ہوئے حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے نمائندے جناب لؤی عبدالرزاق فرج اللہ نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایاکہ اس ثقافتی اجتماع کا مقصد یونیورسٹی کے طالب علموں کو مذہبی ثقافت سے روشناس کروانا اور دینی تعلیمات کے اسلحہ سے لیس کرنا ہے اور ان کے دلوں میں اہل بیت علیھم السلام کی افکار اور اصولوں کو راسخ کرنا اور اس پر عمل کے لیے تیار کرنا ہے کیونکہ نوجوانوں کا طبقہ ہی اصل میں معاشرے کا بیج اور اہم رکن ہے۔ یہی وجہ ہے حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی جانب سے نوجوانوں کے لیے خاص اہتمامات کیے جاتے ہیں اور مختلف ثقافتی اور فکری کانفرنسوں، جلسوں، محافل اور پروگراموں کے ذریعے انہیں ان کے فرائض سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

سیمینار میں شرکت کے لیے آئے ہوئےحضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے نمائندے نے مزید بتایا کہ:اس سال منعقد ہونے والے نوجوانوں کے سیمینارمیں گزشتہ سال کی نسبت زیادہ سٹوڈنٹس نے شرکت کی کہ جن کی تعداد700سے زیادہ تھی اور اسی طرح اس سال کی تقریبات اور سر گرمیاں بھی گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ تھیں اس سیمینار کے شرکاء نے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے بھائی حضرت عباس علیہ السلام کے مرقد مبارک کی زیارت بھی کی اور دونوں روضوں کی تاریخی عمارت اور وہاں پر ہونے والی حالیہ ترقی سے بھی آگاہی حاصل کی اس کے علاوہ وہاں پر ان نوجوانوں سے خطاب کرنے کے لیے جناب سید رشید حسینی اور جناب شیخ غزوان خزاعی کو دعوت دی گئی تھی کہ جنہوں نے اپنے اپنے خطاب میں نوجوانوں کے مسائل، ان کی روحانی تربیت، خدا تعالیٰ کی طرف رہنمائی اور غضب ِ الٰہی سے دوری اختیار کرنے کے بارے میں گفتگو کی اور نوجوانوں میں دینی اور اسلامی روح کو اجاگر کرنے اور ان کے دلوں میں بلند اصولوں کو راسخ کرنے پر زور دیا کیونکہ مستقبل میں یہی نوجوان لیڈر و رہنما بنیں گے اور ان کے کاندھوں پر بہت بڑی ہر ذمہ داری عائد ہو گی۔ ان زیارات سے نوجوانوں کو صحیح سمت میں رہنمائی حاصل ہوتی ہے اور ان کے دل میں قرآن کی تلاوت اور مقدس مقامات کی زیارت کا شوق پیدا ہوتا ہے اوریہ زیارت ان کے دل و دماغ اور روح پر گہرے اثر چھوڑتی ہے۔ اس سیمینار میں قرآنی محفل اور عقائدی و فقہی سوالات کا مقابلہ بھی شامل تھا۔
جناب لؤی نے اپنی گفتگو کے اختتام میں بتایا کہ اس سیمینار کے لیے بہت پہلے سے تیاریاں شروع کر دی گئی تھیں اور روضہ مبارک کے فکر و ثقافت کے سیکشن اور دیوانیہ میں واقع مرکز امام الحسن الثقافی کے باہمی تعاون سے اس سیمینار کے سلسلہ میں بہت پہلے سے ہی پوسٹرز اور بینرز لگا دئیے گئے تھے اور دعوت نامے تقسیم کر دئیے گئے تھے اور اسی طرح اس سیمینار کے شرکاء کے لیے ٹرانسپورٹ اور رہائش کا انتظام بھی کر دیا گیا تھا۔
اس سیمینار کے اختتام پر روضہ مبارک کی جانب سے شرکاء اور سیمینار کے لیے تعاون کرنے والوں میں شیٹس، انعامات اور تحفے بھی تقسیم کیے گئے۔
حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی طرف سے بہت سی علمی و تربیتی کانفرسوں، سیمیناروں اور مختلف پروگراموں کا روضہ مبارک کے اندر اور باہر انعقاد کیا جاتا ہے اور ان پروگراموں میں یہ سیمینار بھی شامل ہے۔

قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: