روضہ مبارک حضرت زینب علیھا السلام کی نئی ضریح کی تقریب رونمائی

منگل کی شام 7 رجب 1441 ہجری بمطابق 3 مارچ 2020 کو امام محمد جواد علیہ السلام کے جشن میلاد کے پُر مسرت موقع پر روضہ مبارک حضرت زینب علیہا السلام کی نئی ضریح کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔
ضریح مبارک کے اوپر والے حصے اور چھت کی تنصیب، تیاری اور ان پر خطاطی اور کندہ کاری کا تمام کام روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ ضریح سازی و ابوب کے ماہرین، ڈیزائنرز اور ہنر مندوں نے اہل بیت علیہم السلام کی عقیدت ومحبت میں سرشار ہو کر کیا ہے اور ضریح مبارک کے یہ حصے جدید اسلامی فنون کا شاہکار اور عراقی آرٹسٹس کی بے مثال ہنرمندی اور بہترین فنکاری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

اس بابرکت تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے شعبہ مذہبی امور کے سربراہ عدنان الموسوی کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد کے علاوہ روضہ مبارک حضرت زینب (علیہا السلام ) کے سیکرٹری جنرل اور حرم مطہر کے خادمین اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خادمین سمیت مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ، جس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مذہبی امور کے سربراہ جناب عدنان الموسوی نے تقریب سے خطاب کیا۔ اسکے بعد روضہ مبارک حضرت زینب (علیہا السلام ) کے سیکرٹری جنرل شيخ نبيل الحلباوي نے ضریح مبارک کے اوپر والے حصے اور چھت کی تیاری اور تنصیب پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سید احمد الصافی، جو اعلیٰ دینی قیادت سماحة السيّد علي الحسينيّ السيستانيّ کے نمائندے بھی ہیں، سینئر آفیشلز، خدام، ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔
شيخ نبيل الحلباوي نے ان مومنین کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنھوں نے ضریح مبارک کے تاج کو پورا کرنے کے لئے اخراجات ہدیہ کئے۔
انھوں نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ ضریح سازی و ابوب کے ماہرین، ڈیزائنرز اور ہنر مندوں کا بھی خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جنھوں نے اہل بیت علیہم السلام کی عقیدت ومحبت میں سرشار ہو کرجدید وقدیم اسلامی فنون کے حسین امتزاج سے یہ شاہکار تخلیق کیا۔
تقریب کے اختتام پر ملا أحمد الباوي اور ملّا الخيكاني نے اس با برکت موقع کی مناسبت سے حضرت زینب علیہا السلام کی شان اقدس میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: