اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) نے کورونا وائرس کے سبب مومنین کو درپیش مشکل صورتحال کے حوالے سے کچھ ہدایات اور نصیحتیں کی ہیں کہ جن کا ذکر انھوں نے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا ہے۔
ذیل میں پوچھے گئے سوال اور اس کے جواب سے آپ بھی مطلع ہو سکتے ہیں:
سوال: آپ مومنین کو اس مشکل صورتحال میں کیا نصیحت کریں گے کہ جس میں انھیں اس خطرناک وباء کا سامنا ہے؟
جواب: ہم معزز مومنین کو نصیحت کرتے ہیں کہ وہ:
الف- اللہ تعالی کے حضور گریہ و زاری کرتے ہوئے اس مصیبت و آزمائش کے ختم کرنے کی التجا کریں، زيادہ سے زیادہ نیک کام کریں جیسے زيادہ سے زیادہ غریبوں کو صدقہ دیں، کمزور لوگوں کی زيادہ سے زیادہ مدد کریں، زيادہ سے زیادہ قرآن مجید پڑھیں اور نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور اہل بیت اطہار (علیہم السلام) سے مروی دعاؤں کو زيادہ سے زیادہ پڑھیں۔
ب- خوف و ہراس اور اضطراب کے بغیر اس وباء کے حجم کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اس کی روک تھام اور علاج کے لیے مکمل طور پر ماہرین کے مشوروں پر عمل کریں اور غیر سائنسی طریقوں اور ٹوٹکوں سے دور رہیں۔
ج- دوسروں کو اس وائرس کے خطرات سے آگاہ کریں، اور انھیں ماہرین کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے اور ان کی خلاف ورزی نہ کرنے کی تاکید کریں۔
د- کاروباری سرگرمیاں بند ہونے اور نقل و حرکت پر پابندی کے سبب موجودہ صورتحال سے متاثرہ غریب خاندانوں کی مدد کریں۔
ھ- مذہبی اور فکری وابستگی سے قطع نظر اس بیماری میں مبتلا ہر شخص کی دیکھ بھال کریں، اس کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اور جس بھی چیز کی اسے ضرورت ہے اس کے حصول میں اس کی مدد کریں۔