روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے کورونا کے علاج کے لیے خصوصی ہسپتال تعمیر کرنا شروع کر دیا ہے

اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کی ہدایات پر عمل درآمد، صحت کے شعبہ کی مدد، اور معاشرے کو کرونا وائرس جیسی وباؤں سے بچانے اور اس کے علاج کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) نے ایک خصوصی ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔

روضہ مبارک کے مینٹینینس انجینیئرنگ سیکشن نے کورونا وائرس جیسی بیماریوں کے علاج کے لیے کربلا میں موجود امام حسین میڈیکل سٹی کے قریب ایک خصوصی ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع کیا ہے کہ جس کی نگرانی اور مشاورت کے لیے روضہ مبارک کے میڈیکل کے شعبہ اور الکفیل ہسپتال کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ اگر خدا ناخواستہ پھر کوئی اس قسم کی بیماری آتی ہے تو اس کے علاج کے لیے پہلے سے ہسپتال اور طبی تیاریاں موجود ہوں۔

روضہ مبارک کے طبی شعبہ کے انچارج ڈاکٹر اسامہ عبد الحسن نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) اور الکفیل ہسپتال کے تعاون سے ایک خصوصی خصوصی ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے کہ جس میں ہر کمرہ مکمل سہولیات کے ساتھ ایک الگ یونٹ کے طور پر ہو گا اور اس میں وہ تمام مواصفات موجود ہوں گی کہ جو عراقی وزارت صحت اور عالمی ادارہ صحت نے اس قسم کی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے مقرر کی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ہسپتال میں میں کل 60 کمرے ہوں گے کہ جن میں 52 کمرے مریضوں کے لیے ہوں گے جبکہ آٹھ کمرے اداری امور کے لیے مختص کیے جائیں گے۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مینٹینس انجینئرنگ سیکشن کے سربراہ انجینئر سمیر عباس نے اسی حوالے سے بتایا ہے کہ یہ ہسپتال یا وارڈ 1170 میٹر مربع رقبہ بھر بنایا جا رہا ہے کہ جس میں 60 کمرے ہوں گے اور ہر کمرہ دوسرے سے مکمل طور پر الگ ہو گا اور اسی طرح سے ان میں سے بعض کمرے ادری امور، میڈیکل سٹاف، سٹور روم، جراثیم کش عملے اور دیگر امور کے لیے مختص ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر کمرہ میں الگ سینیٹری یونٹ اور دیگر ضروری سہولیات پر مشتمل ہے اور انشاءاللہ جلد سے جلد اس ہسپتال کی تعمیر کا کام مکمل کردیا جائے گا تاکہ اگر خدانخواستہ وباء پھوٹنے کی صورت میں دوبارہ اس کے علاج اور اس سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس پہلے سے تیاریاں موجود ہو۔

واضح رہے کہ اعلی دینی قیادت کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے (مرجعيّة التكافل) کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت موجودہ صورتحال میں مالی طور پر کمزور خاندانوں کی امداد شروع کر دی گئی ہے تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اکثر عراقی شہروں میں کرفیو کے نفاذ سے متاثر ہونے والے لوگوں تک ضروریات زندگی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنے تمام سیکشنز اور کربلا میں موجود ان کے متعلقہ اداروں کو اس پروگرام میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے، اس کے علاوہ ریلیف اور سپوٹ یونٹ، وفاء مہم پروگرام، عباس عسکری یونٹ کے ذیلی ڈویژنز سمیت عراق کے دوسرے علاقوں میں موجود روضہ مبارک سے وابستہ تمام اداروں سمیت مواکب اور این جی اوز کو اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی خدمات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ مل کر غریب اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل اور بھرپور مدد کو ممکن بنایا جا سکے۔
تمام مخیّر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ روضہ مبارک کے ساتھ مل کر مذکورہ بالا پروگرام کے تحت یا پھر اپنے طور پر اس بحران میں غریب لوگوں تک ضروریات زندگی پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔

اعلی دینی قیادت نے موجودہ بحران میں سب لوگوں سے غریب خاندانوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے اعلی دینی قیادت کے اس بارے میں بیان کو اس لنک کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے:

https://alkafeel.net/news/index?id=10347&lang=ur
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: