مسلسل 9دن سے 24گھنٹے کورونا ہسپتال کی تعمیر کا کام جاری، اب تک مکمل ہونے والا کام

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا مینٹینس انجینیئرنگ سیکشن کورونا ہسپتال کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے اور تمام کاموں کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر رہا ہے۔

کربلا میں موجود امام حسین میڈیکل سٹی کے ضمن میں بنائے گئے اس کورونا ہسپتال میں آنے والے دنوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔

اس پروجیکٹ کے تعمیراتی انچارج انجینیئر عمار صلاح مہدی نے اس وقت تک ہونے والے تعمیراتی کاموں کے بارے میں الکفیل نیٹ ورک کو بتاتے ہوئے کہا: الحمد للہ حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی برکات کے صدقے اور ہمارے ورکرز کی انتھک محنت کی بدولت ہم اس ہسپتال کے تعمیراتی کاموں کو کافی حد تک مکمل کر چکے ہیں اور اسی طرح سے جو اضافی رقبہ ہمیں اس ہسپتال میں شامل کرنے کے لئے دیا گیا ہے اس پر بھی کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ مقررہ وقت سے پہلے پہلے ہم اس ہسپتال کی تعمیر کا کام مکمل کر کے اسے متعلقہ حکام کے حوالے کر سکیں۔

انہوں نے اس وقت تک مکمل ہونے والے کاموں کی تفصیل کے بارے میں جو بتایا وہ درج ذیل ہے:

عمارت کے فولادی ڈھانچے پر سینڈوچ پینل کی ترکیب وتغلیف کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

سینڈوچ پینل پہ جپسم بورڈز کی تثبیت بھی مکمل ہوگئی ہے۔

واش رومز کی دیواریں سینڈوچ پینل کے تختوں سے مکمل کر لی گئی ہیں۔

واش رومز کے فرش پر ٹائلز لگانے کا کام بھی مکمل کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے اس وقت تک جو کام مکمل ہونے کے قریب ہیں اور ان میں کتنی نسبت کام ہوچکا ہے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا:

ہسپتال اور اس سے نئے ملحقہ رقبے میں میں وائرنگ کام 70فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے اور باقی پر کام ابھی تک مسلسل جاری ہے۔

پلمرنگ ورکس85فیصد تک مکمل ہو گیا ہے کہ جس میں پانی کی پائپ لائنز کی فٹنگ، مغربی اورمشرقی ڈبلیو سی اور واش بیسنز کی تنصیب، اور ان سے ملحقہ پانی کی پائپ لائنز کی تنصیب اور اسی طرح سے گیزر کی فٹنگ کا کام شامل ہے۔

کھڑکیاں اور دروازے لگانے کا کام 80فیصد تک مکمل ہو چکا ہے

مریضوں اور طبی عملے کے درمیان مخصوص خط فاصل کا کام 80فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔

ثانوی چھتوں کی تنصیب کا کام 95فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔

انجینئر عمار نے بتایا کہ: ایئرکنڈیشننگ اور فریش ایئر سسٹم کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے اس میں ایک سنٹرل ایئر فریش یونٹ ہے کہ جو تمام کمروں میں مخصوص روشندانوں سے تازہ ہوا کو پہنچائے گا اور اسی طرح سے وہاں پہ ایک سسٹم وہاں موجود ہوا کو خارج کرنے کا بھی ہے، اس کے علاوہ ہر کمرے میں الگ سے ائیرکنڈیشنر بھی لگایا جا رہا ہے۔

انہوں نے اضافی رقبہ کہ جو تقریبا دو سو پچاس مربع میٹر ہے کہ جسے مریضوں کی آمدورفت کے لیے استعمال کیا جائے گا اس پر بھی کام کافی حد تک مکمل کیا جا چکا ہے، یہاں پر (27 × 3) ہال بھی ہے کہ جسے ریسپشن کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

کورونا ہسپتال کی تعمیر کا کام 24 گھنٹے جاری ہے اور یہاں پر ورکرز تین شفٹوں میں کام کر رہے ہیں تاکہ جلد سے جلد اس ہسپتال کو مکمل کیا جا سکے اور یہاں پر کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج شروع کیا جا سکے۔

خدا محمد و آل محمد اور حضرت عباس کے صدقے دنیا کو اس وباء سے نجات دے آمین۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: