نیمہ شعبان کے قریب آتے ہی روضہ مبارک کی دور سے زیارت کی خصوصی خدمات

بشریت کے نجات دہندہ ہمارے وقت کے امام حضرت امام مہدی (عجل اللہ فرجہ شریف) کے جشن میلاد کے قریب آتے ہی روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) نے موجودہ حالات کے پیش نظر تمام مومنین کے لیے دور سے اپنے گھروں میں بیٹھ کر کربلا کے مقدس روضوں کی زیارت کے لیے وسیع پیمانے پر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ دور سے نیمہ شعبان کی زیارت ادا کرنے کے لیے سروسز کا آغاز 14شعبان 1441ھ بمطابق 8 اپریل 2020ء کو ہو گا۔

اس بارے میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے مجلس ادارہ کے رکن الحاج جواد حسناوی نے بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر مومنین کا مقدس روضوں کی زیارت کے لیے آنا ممکن نہیں ہے لہذا دور سے ہی نیمہ شعبان کی زیارت کے احیاء کے سلسلہ میں مومنین کے لیے تمام تر ممکنہ وسائل کو بروے کار لایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلی خدمت جو ہم تمام مومنین کو اس موقع پر فراہم کر رہے ہیں وہ عراق اور بیرون ملک سے ٹیلی فون کے ذریعے زیارت ہے کوئی بھی مومن روضہ مبارک کے مخصوص ٹیلی فون نمبروں پر کال کر کے زیارت پڑھ سکتا ہے اس کی اس کال کو حضرت عباس (علیہ السلام) کی ضریح کے پاس لگے آلات پر تحویل کر دیا جائے گا جس سے اس کی زیارت پڑھنے کی آواز براہ راست ضریح مبارک کے پاس سنائی دے گی۔

میڈیا سیکشن کے انچارج ڈاکٹر مشتاق العلی نے بتایا ہے کہ روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دامت برکاتہ) کی ہدایت پر تعمیل کرتے ہوئے ہمارے سیکشن نے اپنے تمام تر وسائل کو نیمہ شعبان کی زیارت کے احیاء کے لئے وقف کر دیا ہے کیونکہ حکومتی اور طبی کی تعلیمات کہ جن پر عمل کرنے کو اعلی دینی قیادت نے واجب قرار دیا ہے کی روشنی میں مومنین کا کربلا آنا ناممکن ہے لہذا ہم نے اپنی خصوصی نشریات اور (یا کاشف الکرب) کے نام سے پروگرام کا آغاز کیا ہے کہ جس میں ہمارے چینل کے ذریعے سے مومنین دور سے مولا کی زیارت کر سکیں گے اور اسی طرح سے رات 9 بجے سے لے کر 12بجے تک ہم مومنین کے فون بھی اٹینڈ کریں گے اور پروگرام میں ان فون کالز کا بھی اضافہ کر دیا جائے گا۔

لہذا جو بھی ہماری ان نشریات کو براہ راست دیکھنا چاہتا ہے وہ ان سے استفادہ کرسکتا ہے:

Satellite: Eutelsat 7A at 7.0 East(W3A)
DOWNLINK:12680.200 H
MOD:DVBS2
QPSK
FEC:5/6
Sr :3250
HD/MPEG-4
مزيد معلومات کے لیے اس نمبر پر کال کی جا سکتی ہے:
009647706007187

اسی طرح سے وہ تمام مومنین جو اپنی نیابت میں زیارت پڑھوانا چاہتے ہیں وہ اس لنک کے ذریعے سے اپنا نام درج کر سکتے ہیں:

https://alkafeel.net//zyara/?lang=ur

روضہ مبارک کے خدام مندرجہ افراد کی نیابت میں امام حسین (علیہ السلام) اور حضرت عباس (علیہ السلام) کی ضریح کے پاس زیارت ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے ڈپٹی سیکرٹری انجینیئر عباس موسی نے اعلان کیا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے خدام، سعادۃ الخدم اور دینی طلاب کا ایک گروہ مصلحِ عالم اور بشریت کے نجات دہندہ امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) کے جشن میلاد کے موقع پر (پندرہ شعبان) پوری دنیا میں رہنے والے مومنین اور مومنات کی نیابت میں امام حسین (علیہ السلام) اور حضرت عباس (علیہ السلام) کی زیارت ادا کریں گے۔

اور اسی طرح سے وہاں خاص طور پر الگ سے کورونا کے خلاف برسرپیکار طبی عملے، رضاکاروں اور سکیورٹی فورسز کی نیابت میں بھی خصوصی طور پر زیارت ادا کی جائے گی۔

ڈپٹی سیکرٹری نے مزید کہا کہ یہ وہ دن ہے کہ جس میں اعلی دینی قیادت نے داعشی دہشتگردوں کے خلاف جہاد کفائی کا فتویٰ صادر کیا تھا اور اس فتوی پر لبیک کہتے ہوئے ہوئے لاکھوں مومنین نے میدان جہاد میں قدم رکھا اور دنیا کے طاقتور ترین دہشت گردوں کو شکست فاش سے دوچار کیا لہذا اس موقع پر سکیورٹی فورسز اور حشد شعبی سے تعلق رکھنے والے شہداء اور اسی طرح سے کورونا سے وفات پانے والے مومنین کے لئے فاتحہ اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات کی تاکید کی کہ زیارت کے دوران تمام طبی ہدایات اور اعلی دینی قیادت کے ارشادات پر عمل کیا جائے۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمارے اعمال کو قبول فرمائے اور دنیا کو اس وبا سے نجات عطا کرے
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: