روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ادارے الکفیل پبلک انویسٹمنٹ کی ذیلی کمپنی الکفیل منرل واٹر بہت تھوڑے عرصے میں اپنے اعلی معیار اور مناسب قیمت کی بدولت علاقائی مارکیٹوں میں دوسرے برانڈز کی موجودگی کے باوجود عراقی صارفین کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ الکفیل منرل واٹر کی عوامی مقبولیت کا بنیادی سبب اسے بین الاقوامی معیار اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔
الکفیل منرل واٹر پلانٹ کے انجینئر قحطان جياد عبود نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: ہمارا یہ پروجیکٹ عراقی صارفین کی پینے کے صاف اور صحت بخش پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا اور ہم جلد ہی عراق کے تمام اضلاع اور صوبوں میں پینے کے صاف اور صحت بخش پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید پلانٹس لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ہم اپنے اعلی معیار کی بدولت صارفین کا اعتماد حاصل کرنے کا بنیادی مقصد حاصل کرچکے ہیں۔ ہم اپنے صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہیں اور ہماری پراڈکٹ معیار کے اعتبار سے کئی طرح کے لیبارٹری ٹیسٹوں میں کامیابی کی اعلی شرح حاصل کرچکی ہے۔
اس پراجیکٹ کو شروع کرنے کے دو بنیادی مقاصد تھے۔
اول یہ کہ لوگوں کو حفظان صحت اور طب کے اصولوں کے مطابق ایسے پانی کی فراہمی ہے جس میں ضروری اور مفید معدنیات موجود ہوں۔
دوم ملک میں بے روزگار نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا۔
انہوں نے مزید کہا الکفیل منرل واٹر کی تیاری سے لے کر پیکنگ تک کے تمام مراحل جدید سائنسی اور طبی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مشینوں کی مدد سے انجام دیے جاتے ہیں اور کسی بھی مرحلے میں انسانی ہاتھوں کا استعمال نہیں کیا جاتا یہی وجہ ہے کہ الکفیل منرل واٹر ایک محفوظ اور مقبول پراڈکٹ کے طور پر سامنے آئی ہے اور لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔