اعلی دینی قیادت نے کووڈ19 سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے

اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کی طرف سے آج بروز ہفتہ (13/ شوال/ 1441هـ) بمطابق (6 جون 2020ء) کو عوام کے نام ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں عوام سے کووڈ19 سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

اعلی دینی قیادت نے اپنے پیغام میں فرمایا ہے:

مکرم اہلیان عراق

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

مختلف علاقوں اور خاص طور دارالحکومت بغداد میں کورونا کی وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد غیرمعمولی طور پر بڑھ رہی ہے لہذا ان مشکل دنوں میں ہم ایک بار پھر زيادہ سے زیادہ احتیاط اور پرہیز کی اپیل کرنے کے لیے آپ سے مخاطب ہیں۔ ہم آپ کو تاکید کرتے ہیں کہ دوسروں کو چھونے سے گریز کرنے، ان سے ایک خاص فاصلہ رکھنے، ماسک کا استعمال کرنے اور ہاتھوں کو صابن وغیرہ سے دھونے یا جراثیم کش مواد سے صاف کرنے کے حوالے سے جن احتیاطی تدابیر کے اختیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں ان پر عمل کیا جائے۔

ماہرین کی رائے کے مطابق ان ہدایات اور اسی طرح کی دیگر سفارشات پر سختی سے عمل پیرا ہونے سے اس وبا کو پھیلنے اور لوگوں کو اس سے متاثر ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔ اسی وجہ سے اس کی پابندی بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور ایک ایسا ضروری امر بن گئی ہے کہ جس میں سستی اور ڈھیل جائز نہیں ہے، خاص طور پر کورونا سے متاثرہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد سے ہسپتال اور ديگر اماکن بھر چکے ہیں اور ملک ان کی ضروری طبی نگہداشت کے لیے مطلوبہ وسائل کی کمی کا شکار ہے۔

اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے جو اقدامات اس وقت کیے جا رہے ہیں اس سے کہیں زیادہ وسیع پیمانے پر اقدامات کرنے کی ذمہ داری تمام شہریوں اور حکام پر عائد ہوتی ہے، یہ ضروری ہے کہ ہر شخص اس بڑی ذمہ داری کو نبھائے اور کم سے کم نقصانات اور منفی اثرات کے ساتھ اس نازک مرحلے کو عبور کرنے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں۔

ہم سب کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ میڈیکل اور نرسنگ سٹاف کورونا کے مریضوں کے علاج اور ان کی دیکھ بھال کا بہت بھاری بوجھ اٹھائے ہوئے ہے اس صورت حال کے سبب وہ اور ان کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی تکلیف سے چند افراد ہی آگاہ ہیں، بلکہ وہ کووڈ19 کے مریضوں کے علاج کے لیے اپنی جان کو خطرہ میں ڈالے ہوئے ہیں، گزشتہ کچھ عرصے کے دوران طبی عملے کے وائرس سے متاثر ہونے کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، ضروری ہے کہ ہر شخص طبی عملے پر سے اس بوجھ کو کم کرنے کی خاطر اس وائرس کے حوالے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرے، تاکہ متاثرہ افراد کی تعداد کو بڑھنے سے روکا جا سکے، اور موجودہ صورت حال میں مزید اضافی بوجھ اٹھانے اور فرائض کی ادائیگی کی مزید پیچیدگیوں سے طبی عملے کو بچایا جا سکے۔

ہم طبی عملے کو مکمل عقیدت و احترام کے ساتھ خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی مدد کے لیے ان کے ساتھ ہیں، اپنے عوام کی خدمت اور مذہبی ، قومی اور انسانی فرائض کی انجام دہی کے سلسلہ میں ان کی مسلسل جدوجہد اور مستقل قربانیاں قابل تعریف ہیں۔ ہر چیز پر قدرت رکھنے والے عظیم پروردگار سے ہماری دعا ہے کہ وہ ان کی حفاظت فرمائے اور ان کو ان کی کاوشوں کے صلے میں اجر عظیم، خیر و برکت اور صحت وسلامتی سے نوازے۔ ہماری اللہ سے دعا ہے کہ وہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کو جلد شفا عطا فرمائے، سب سے آزمائش اور وباء کو دور کرے۔ بیشک وہی دعائیں سننے والا، اور انھیں قبول کرنے والا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: