انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کا عملہ درجہ حرارت میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کے باوجود ساتویں الحیات کورونا یونٹ کو مکمل کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کا عملہ بابل گورنریٹ کے مرجان میڈیکل سٹی میں ساتویں الحیات کورونا یونٹ کو مکمل کرنے کے لئے انتھک کوششیں کر رہا ہے۔
یہ طبی منصوبہ بابل گورنریٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو وائرس کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے معاونت فراہم کرنے اور اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے لئے انتظامی اور طبی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لئے اعلی دینی قیادت کی خصوصی ہدایات پر انسانی ہمدردی کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کا عملہ درجہ حرارت میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کے باوجود ،اس عمارت کو ایک مقررہ وقت، مرتب کردہ ڈیزائن، طبی اور تکنیکی معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔
اس سلسلے میں اس منصوبے کے نگران انجینئر علی الحر نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا: "اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ ہم حضرت ابوالفضل عباس کی برکات اورعملے کی انتھک کوششوں کی بدولت اس منصوبے کے اہم تعمیراتی مرحل کو مکمل کر چکے ہیں۔"
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: "اس منصوبے کا کل رقبہ (3500) مربع میٹر ہے اور اس میں (20) کلینکل ، انتظامی اور خدماتی کمروں کے علاوہ مریضوں کے لئے 98 انفرادی کمرے بھی شامل ہیں۔ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے اسے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کا پہلا حصہ 800 مربع میٹر پر محیط اور 42 کمروں پر مشتمل ہے۔ اس حصے میں لوہے کے ڈھانچے پر دیواروں اور چھتوں کی تنصیب کا کام مکمل ہوچکا ہے ، جبکہ دیواروں اور چھتوں پر جپسم شیٹس کی تنصیب کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

اس منصوبے کا دوسرا حصہ ، جو رقبے اور کمروں کی تعداد کے لحاظ سے پہلے حصے کے مساوی ہے میں سینیٹری پائپس کی تنصیب کی تکمیل کے بعد ڈیزائن کے مطابق لوہے کے ڈھانچے پر دیواروں اور چھتوں کو نصب کرنے کا کام آخری مراحل میں ہے
منصوبے کا تیسرا حصہ جس کا رقبہ 1300 مربع میٹر ہے اس میں مریضوں کے لئے (14) نفرادی کمروں کے علاوہ (14) کلینکل ، سروس اور انتظامی کمرے اور باتھ رومز ہیں۔ اس حصےکی ٹھوس بنیادیں ڈالنے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور لوہے کے ڈھانچے کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: