عراق میں موجود تمام حسینی مواکب کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران میں غریب گھرانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس عالمی وبا کے آغاز سے لیکر اب تک اعلی دینی قیادت کی ہدایات اور روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ساتھ بڑھ چڑھ کر مسلسل ضرورت مند خاندانوں کی مدد کر رہے ہیں۔
اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پرمیسان گورنریٹ کے ذیلی علاقے المشرّح کے حسینی مواکب کی جانب سے مختلف قسم کے خشک و تر غذائی مواد اور گوشت پر مشتمل فوڈ پیکٹس ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔
المشرّح مواکب حسینی کے سربراہ الحاج احمد وحید کاظم الخوزئی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ : "یہ امدادی مہم پچھلی مہمات کا ایک حصہ ہے جو ہم نے وبائی بیماری کے پھیلاؤ کے بعد سے اعلی مذہبی قیادت کی ہدایت پر اس بحران سے معاشی طور پرمتاثر ہونے والے خاندانوں کی مدد کے لئے شروع کی تھیں۔ "
انھوں نے اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے کہا: "ہم جو کچھ کر رہے ہیں وہ ان خاندانوں کے لئے بہت کم ہے خدا ہماری ان کوششوں کو قبول فرمائے اور ہماری توفیقات میں اضافہ فرمائے اور وطن عزیز کو اس وبائی مرض سے نجات عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ اعلی دینی قیادت کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے (مرجعيّة التكافل) کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کیا تھا جس کے تحت اس بحرانی صورتحال میں مالی طور پر کمزور خاندانوں کی امداد شروع کی گئی تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اکثر عراقی شہروں میں کرفیو کے نفاذ سے متاثر ہونے والے لوگوں تک ضروریات زندگی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنے تمام سیکشنز اور کربلا میں موجود ان کے متعلقہ اداروں کو اس پروگرام میں حصہ لینے کی دعوت دی تھی، اس کے علاوہ ریلیف اور سپوٹ یونٹ، وفاء مہم پروگرام، عباس عسکری یونٹ کے ذیلی ڈویژنز سمیت عراق کے دوسرے علاقوں میں موجود روضہ مبارک سے وابستہ تمام اداروں سمیت مواکب اور این جی اوز کو اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی خدمات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تاکہ مل کر غریب اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل اور بھرپور مدد کو ممکن بنایا جا سکے۔