الکفیل ہسپتال کا بیروت دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کے علاج کا اعلان

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے (16 ذي الحجّة 1441هـ) بمطابق (6 اگست 2020ء) کو ایک پریس ریلیز میں اعلان کیا ہے کہ اعلی دینی قیادت کی ہدایات کے مطابق الکفیل ہسپتال بیروت دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کا علاج کرے گا۔

واضح رہے اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے دفتر سے ایک بیان جاری ہوا ہے کہ جس میں اعلی دینی قیادت نے بیروت میں دل دہلا دینے والے حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس بڑی مصیبت پر لبنانی عوام کو تعزیت پیش کی ہے اور مخیر حضرات سے لبنانی عوام کی مدد کی اپیل کی ہے۔

اعلی دینی قیادت کے دفتر سے جاری ہونے والا بیان:

بسم الله الرحمن الرحيم

نجف اشرف میں موجود اعلٰی دینی قیادت نے اُس دل دہلا دینے والے حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے کہ جو بیروت کی بندرگاہ میں ہونے والے بڑے دھماکے کی صورت میں رونما ہوا ہے، جس کے نتیجے میں لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد جاں بحق اور لاپتہ ہو گئی ہے اور زخمیوں کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے جبکہ دسیوں ہزار شہری بے گھر ہو گئے ہیں۔ اس المناک واقعہ میں بڑے پیمانے پر عمارتوں اور املاک کو تباہی اور شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ جس کی مثال گزشتہ دہائیوں میں شاذ و نادر ہی ہے۔

ہم اس بہت بڑی مصیبب پر گہرے رنج و غم کے ساتھ لبنانی عوام کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور اللہ سے دعا گو ہیں کہ وہ اس بڑی آزمائش سے گزرنے کے لیے ان کی مدد کرے اور انھیں مزید طاقت، صبر اور یکجہتی عطا کرے۔

دنیا میں موجود مومنین اور بھلائی کے چاہنے والے تمام لوگوں سے ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ہر ممکن طریقہ سے انھیں مدد فراہم کریں تاکہ اس بہت بڑی آفت کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

ہم اللہ تعالٰی سے دعا گو ہیں کہ جاں بحق ہونے والوں کو اللہ اپنی وسیع رحمت میں جگہ عنایت کرے اور پسماندگان کو صبر اور سکون عطا فرمائے اور زخمیوں کو شفا اور تندرستی سے نوازے۔ بیشک اللہ ہی سب سے زیادہ رحم کرنے والا ہے۔

16 ذی الحجہ / 1441 ہجری

دفتر سید سیستانی(دام ظلہ) - نجف اشرف
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: