دارالحکومت بغداد میں پانچویں الحیات کورونا یونٹ کو مکمل کرنے کے بعد ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا کہ اس کے عملے نے دارالحکومت بغداد میں حيّ الغدير/ جانب الرصافة کے ابن القف اسپتال میں پانچویں الحیات کورونا یونٹ کو تمام مطلوبہ طبی اور تکنیکی مواصفات کے ساتھ مکمل کر لیا ہے اور اس میڈیکل یونٹ کو جمعرات کی صبح 21 محرم الحرام 1442 ہجری بمطابق 10 ستمبر 2020 کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے لئے رصافة ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اس کورونا ریکوری یونٹ کی منصوبہ بندی اور تعمیر کی مکمل ذمہ داری روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کو سونپی گئی تھی اورانجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے تمام تر مشکلات کے باوجود اس طبی منصوبے کو 55 دن کے مختصر عرصے میں تعمیر کیا ہے۔ یہ طبی منصوبہ بغداد گورنریٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو وائرس کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے معاونت فراہم کرنے اور اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے لئے انتظامی اور طبی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لئے اعلی دینی قیادت اور ان کے قریبی نمائندے علامہ سید احمد صافی کی خصوصی ہدایات پر انسانی ہمدردی کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ اس کورونا یونٹ کا مجموعی رقبہ (5000) مربع میٹر ہے اور اس میں مریضوں کے لیے 118کمرے اور طبی و اداری عملہ کے لیے 20سے زیادہ کمرے مختص کیے گئے ہیں۔
انجینئرنگ مینٹیننس اینڈ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ انجینئرسمیر عباس نے ابن القف اسپتال کے ڈائریکٹر اور طبی عملے کی موجودگی میں عمارت کی چابیاں رصافة ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر حسنین الموسوی کے حوالے کیں۔
انجینئر سمیر عباس نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "یہ عمارت 55 دن کے مختصرعرصے میں تعمیر کی گئی ہے اور اس کے تین حصے ہیں: اس منصوبے کے پہلے حصے کا رقبہ 1377 مربع میٹر ہے اور اس میں 56 انفرادی کمرے ہیں۔
اس منصوبے کے دوسرے حصے کا رقبہ بھی 1377 مربع میٹر ہے اور یہ 56 انفرادی کمروں پر مشتمل ہے۔
منصوبے کا تیسرے اور آخری حصہ 1100 مربع میٹر سے زائد رقبہ اور (19) کمروں پر مشتمل ہے جن میں سے کچھ کمرے مریضوں کے لئے ہیں جبکہ باقی کمرے انتظامی اور خدماتی امور لئے مختص کئے گئے ہیں اور اس میں (100) مربع میٹر اور دو باتھ روم یونٹ والے مریضوں کو وصول کرنے کے لئے ایک ہال بھی شامل ہےمشتمل ایک ہال بھی تعمیر کیا گیا ہے کہ جہاں سب سے پہلے مریضوں کو لایا جاتا ہے۔ اس ہال کے ساتھ خواتین اور مرد حضرات کے لئے الگ الگ سینٹری یونٹس بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔
جبکہ عمارت کو جدید ترین سپورٹ سسٹمز سے بھی منسلک کیا گیا ہے جو یہ ہیں:
- عمارت کے تمام حصوں کو سینسرز کے ذریعے جدید الارم سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے۔
- بجلی کا جدید نظام، جو کسی بھی بریک ڈاون کی صورت میں جنریٹر سے منسلک ہے۔
- سیوریج کا نظام۔
- نگرانی کے لئے جدید اور طاقتور کیمروں پر مشتمل نظام۔
- اسپلٹ یونٹس پر مشتمل کولنگ سسٹم۔
- تازہ ہوا کا نظام جو خصوصی میکینزم کے ذریعہ صاف اور تازہ ہوا کو یونٹ کے تمام حصوں، ہالوں اور کمروں میں پہنچاتا ہے۔
- ائیر پیوریفیکیشن سسٹم، اس نظام میں آلودہ ہوا کو کھینچنے کے بعد ہائی ٹمپریچر سے گزارہ جاتا ہے اور خصوصی جراثیم کش مواد سے سٹرلائز کرنے کے بعد عمارت سے باہر منتقل کیا جاتا ہے تاکہ بیرونی ماحول کو جراثیم اور وائرسز سے محفوظ رکھا جا سکے۔ “
رصافة ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر حسنین الموسوی نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کےاس اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا : “روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام ہمیشہ سے ہی ان تمام بحرانوں میں جن سے ملک گزر چکا ہے یا گزر رہا ہے بشمول کورونا وبائی مرض، عراقی معاشرے کا معاون اور مددگار ہے۔ موجودہ ہنگامی حالات میں یہ عمارت اس وبا سے نمٹنے کے لئے ہمارے طبی عملے کی صلاحیت اور کوششوں اضافے کا باعث ہوگی اور اس بحرانی صورتحال کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی إن شاء الله ۔ "
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ نے کورونا وائرس کی روک تھام اور اس وبائی مرض سے متاثرہ افراد کے علاج کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملک کے مختلف شہروں میں الحیات کورونا ٹریٹمنٹ یونٹس تعمیر کی ہیں جن میں نجف اشرف کے امیرالمومنین علیہ السلام ہسپتال، کربلا میں امام حسین میڈیکل سٹی میں دو الحیات کورونا ٹریٹمنٹ سینٹرز، ہندیہ جنرل ہسپتال میں ایک الحیات کورونا ٹریٹمنٹ یونٹ، المثنی گورنریٹ اور دارالحکومت بغداد ایک ایک کورونا ٹریٹمنٹ یونٹ شامل ہیں۔ ان طبی مراکز نے اس عرصے میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ایڈجسٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ اس وقت بابل گورنریٹ میں بھی کورونا ٹریٹمنٹ یونٹ کی تعمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کا کیا جا رہا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: