اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی عراق میں نمائندہ جینائن ہائنس پلاسچارٹ نے آج صبح آیت اللہ العظمی سید سیستانی (دام ظلہ) سے ملاقات کی ہے اور بہت سے ملکی و غیر ملکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے اور متعدد ملکی امور کے بارے میں ان کی رائے اور مؤقف سے آگاہی حاصل کی ہے کہ جو کچھ یوں ہے:
اگلے سال ہونے والے پارلیمانی انتخابات کا مقررہ وقت پر ہونا بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے، ان انتخابات میں ان کے نتائج کو اعلی معیار کی مصداقیت فراہم کرنے والی ضروری شرائط کا موجود ہونا واجب ہے تاکہ شہریوں کو ان میں وسیع پیمانے پر حصہ لینے کی ترغیب دی جا سکے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے بعض سیاسی جماعتوں اور بلاکس کے ذاتی مفادات سے ہٹ کر ایک عادلانہ اور منصفانہ قانون کے مطابق ان انتخابات کا انجام پانا ضروری ہے۔ اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ اس کے مختلف مراحل میں دیانت داری اور شفافیت کو بھی مدنظر رکھا جائے اور اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سنجیدگی سے ان کی سرپرستی اور نگرانی کی جائے۔