روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے بابل گورنریٹ میں تعمیر کردہ 100 بستروں کے ساتویں الحیات کورونا ہسپتال کا افتتاح

آج بروز پیر (3 صفر 1442 ہجری) بمطابق (21 ستمبر 2020ء) کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے بابل گورنریٹ میں تعمیر کردہ ساتویں الحیات کورونا ہسپتال کا افتتاح کیا گیا کہ جسے روضہ مبارک نے 54 دنوں کی ریکارڈ مدت میں ابتداء سے انتہاء تک مکمل تعمیر کر کے محکمہ صحت کے حوالے کیا ہے۔

مرجان طبی شہر کے اندر تعمیر ہونے والا 100 بستروں کا یہ کورونا علاجی مرکز (3500) مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ہے اور اس میں سویٹ ٹائپ (98) کمرے مریضوں کے لیے مختص ہیں جبکہ طبی، اداری اور خدماتی عملے کے لیے (25) کمرے مختص کیے گئے ہیں۔

ساتویں الحیات کورونا ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک کے نائب سیکرٹری جنرل اور مجلس ادارہ کے بعض ارکان کے علاوہ مقامی حکومت کے نمائندوں، محکمہ صحت بابل کے سربراہ، مرجان میڈیکل سٹی کے انچارج اور ملکی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نائب سیکرٹری جنرل انجینیئر عباس موسی نے خطاب کیا اور جس میں انہوں نے کہا کہ روضہ مبارک کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے طبی اداروں کو اپنی ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے اور اِس کورونا علاجی مرکز سمیت مختلف شہروں میں الحیات کے نام سے سات کورونا ہسپتالوں کی تعمیر اسی مدد وتعاون کی ایک کڑی ہے۔

اس کے بعد بالترتیب گورنر بابل کے معاون فنّی انجینیئر حميد علي الزركاني، محکمہ صحت بابل کے سربراہ ڈاکٹر محمد هاشم الجعفري اور چند دیگر شخصیات نے خطاب کیا اور بابل میں اس کورونا ہسپتال کی تعمیر پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد حاضرین نے باقاعدہ رسمی طور پر اس ہسپتال کا افتتاح کیا اور اس کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا کہ جہاں انھیں اس منصوبہ کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

واضح رہے یہ طبی منصوبہ بابل گورنریٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو وائرس کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں معاونت ثابت ہو گا اور اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے لئے انتظامی اور طبی صلاحیتوں میں اضافہ کا بھی باعث بنے گا۔
اعلی دینی قیادت اور ان کے قریبی نمائندے علامہ سید احمد صافی کی خصوصی ہدایات پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پورے ملک میں عالمی معیار کے مطابق کورونا کے علاج کے لیے الحیات کے نام سے مراکز تعمیر کر رہا ہے کہ جن میں سے بہت سے مراکز میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج شروع ہو چکا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: