نجف / کربلا روڈ پر واقع موکب ام البنین (علیہا السلام) میں العمید یونیورسٹی نے زائرین اربعین کے استقبال کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی باقی خدماتی سائٹس کی طرح زائرین کی خدمت کے لیے اپنے دروازے کھولے ہوئے ہے۔
العمید یونیورسٹی کے ڈین کے اداری معاون پروفیسر ڈاکٹر علاء الموسوی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ: روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی ہدایات اور زائرین اربعین کے لیے طے شدہ لائحہ عمل کے مطابق العمید یونیورسٹی نے کافی پہلے سے ہی موکب ام البنین (علیہا السلام) میں زائرین اربعین کی خدمت کی تیاریاں شروع کر دی تھیں کہ جن میں خواتین زائرات اور مرد زائرین کے لیے الگ الگ ہال نما متعدد خیموں کی تنصیب، یونیورسٹی کے ہالوں میں قیام کے انتظامات اور دیگر امور شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: یہاں جو انتظامات کیے گئے ہیں ان میں پیدل آنے والے زائرین اربعین کی رہنمائی کے مراکز، گمشدہ یا راستہ بھولنے والے زائرین کی مدد کے مراکز، فقہی و ثقافتی معلومات کے مراکز، طبی امداد کے مراکز، کھانا کھانے اور تقسیم کرنے کے لیے مخصوص جگہوں کے انتظامات اور وبائی صورت حال کے پیش نظر جراثیم کش سٹیشنز کا قیام وغیرہ شامل ہے۔
موسوی نے بتایا کہ موجودہ وبائی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تر احتیاطی تدابیر کو اپنی خدمات کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ زائرین اور یہاں کام کرنے والے افراد کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے کربلا آنے والے تمام راستوں پر اپنے ذیلی اداروں، خدماتی سائٹس اور مواکب کے ذریعے زائرین اربعین کی خدمت کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے ہیں اور نجف / کربلا روڈ پر واقع العمید یونیورسٹی اور اس میں قائم موکب ام البنین (علیہا السلام) انہی خدماتی سائٹس میں سے ایک ہے۔