بروز منگل (11 صفر 1442 ہجری) بمطابق (29 ستمبر 2020 عیسوی) کو عراق کے وزیر داخلہ عثمان الغانمی نے، چیف آف آرمی اسٹاف عبد الامیر رشید یار اللہ، کربلا پولیس کے سربراہ احمد الزوینی اور متعدد اعلی سیکورٹی افسران کے ہمراہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری دی اور مراسم زیارت کی ادائيگی کے بعد روضہ مبارک کے ڈپٹی سیکرٹری سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ڈپٹی سیکرٹری عبّاس موسى أحمد کے ساتھ مجلس ادارہ کے بعض ارکان بھی موجود تھے ملاقات میں اربعین امام حسین(ع) کے احیاء اور زائرین کے لیے روضہ مبارک کی طرف سے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں وزیر داخلہ کو بریفنگ دی گئی اور سیکورٹی پلان سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے روضہ مبارک کے انتظامات اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر امن وامان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اسی طرح روضہ مبارک کی طرف سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ممکنہ حد تک کی جانے والی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔