روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف نے زیارت اربعین کے لئے اپنے لائحہ عمل پر نفاذ شروع کر دیا ہے

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف نے زیارت اربعین کے لئے اپنے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے اور کورونا وائرس سے بچاو کے لئے تمام حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے زائرین سید الشہداء کو اپنے بیرونی آوٹ لیٹس کے ذریعے روزانہ تین بار کھانا دیا جا رہا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف کے انچارج الحاج عادل الحمامی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "اس سال کورونا وبا کے پھیلاو کے باعث ہم نے زیارت اربعین کے دوران زائرین کرام کی صحت و سلامتی کے پیش نظر بہت سے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔ ہم روضہ مبارک کے میڈیکل ڈویژن اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر مکمل عمل پیرا ہوتے ہوئے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس وبا کے پھیلنے سے پہلے بھی ہم سٹرلائزیشن، ماسک اور دستانوں کا استعمال کرتے تھے اور اب خصوصی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کے علاوہ انفرادی صحت اور سماجی دوری جیسے اقدامات پر بھی عمل کیا جا رہا ہے۔ "
انہوں نے مزید کہا: " زیارت اربعین کے دوران حسب روایت ہمارے مضیف نے اپنے بیرونی آؤٹ لیٹس کھول دیےہیں جو کہ قبلہ اسٹریٹ اور حوراء اسٹریٹ میں حرم مطہر کے بہت قریب واقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ: " ہم زائرین کرام کو نماز فجر کے بعد ناشتہ، نماز ظہرین کے بعد دوپہر کا کھانا اور نماز مغربین کے بعد رات کا کھانا پیش کر رہے ہیں اور ہم مختلف مقامات سے آئے ہوئے زائرین کے ذوق اور پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے کھانے بنا رہے ہیں۔ ہم زائرین امام حسین علیہ السلام کو تین اوقات کے کھانے کے علاوہ تبرکا چائے، مشروبات اور پانی بھی پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : "کھانا تقسیم کرنے کا کام انتہائی منظم انداز میں کیا جا رہا ہے۔ مضیف کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے کھانے صرف زائرین تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ ہم رضاکاروں اور سیکیورٹی فورسز کو بھی کھانا فراہم کر رہے ہیں۔ "
یہ بات قابل ذکر ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا مضیف اہل بیت (ع) کی ہر مناسبت اور خاص طور پرزیارت اربعین کے دوران کھانے کی خدمت کے میدان میں آنے والے تمام زائرین کے لئے ایک مخصوص اور معروف علامت بن گیا ہے۔ زیارت اربعین کے دوران لاکھوں زائرین کو اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے مضیف کا عملہ دن رات سرگرم عمل رہتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: