ساتھیوں سے بچھڑنے والے زائرین کی مدد کے لیے 300 طلباء گمشدہ افراد کے مراکز میں موجود ہیں

اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پہ کروڑوں زائرین کربلا آتے ہیں اور ان میں ایک بڑی تعداد مختلف شہروں سے پیدل سفر طے کر کے کربلا آنے والے زائرین اور غیر ملکی زائرین کی بھی ہوتی ہے اس جمع غفیر میں بہت سے افراد اپنے ساتھیوں سے بچھڑ جاتے ہیں یا راستہ بھول جاتے ہیں ان افراد کی مدد اور رہنمائی کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے یونیورسٹی ریلیشنز ڈویژن نے 300 تربیت یافتہ طلباء کو ان 45 مراکز میں تعینات کیا ہے کہ جو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے زیارت اربعین کے دوران گمشدہ اور لاپتہ افراد کی رہنمائی کے لئے قائم کئے ہیں۔

یہ مراکز بابل- کربلا روڈ، نجف- کربلا روڈ اور بغداد- کربلا روڈ اور کربلا شہر کے اندر ان سڑکوں کو بنائے گئے ہیں جو زائرین کرام استعمال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی گمشدہ افراد کی مدد کے لیے مراکز قائم کیے ہیں۔

اس بارے میں مذکورہ بالا شعبہ کے رکن منتظر الصافي نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی رضاکار طلباء کی بہت بڑی تعداد لاپتہ اور گمشدہ افراد کے مراکز اور کربلا جانے والے مرکزی اور ذیلی راستوں میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے منتخب کیے گئے رضاکار طلباء اس کام میں مہارت رکھتے ہیں اور تعینات کیے جانے والے علاقے اور مقامات سے مکمل واقفیت رکھتے ہیں۔ ان رضاکار طلباء کا انتخاب عراقی یونیورسٹیوں میں موجود یونیورسٹی ریلیشنز ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز کے ذریعے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سےکربلا آنے والے راستوں، کربلا کے تمام داخلی راستوں اور کربلا کے اندر بہت سے مقامات پہ گمشدہ افراد کی مدد اور تلاش کے لیے مراکز قائم کیے جاتے ہیں جن میں اس مقصد کے لیے جدید ترین رابطہ نظام نصب کیا گیا ہے تاکہ جلد سے جلد گمشدہ یا راستہ بھولنے والے افراد کی مدد کی جا سکے۔ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی موبائل اور انٹر نیٹ کمپنی (الکفیل امنیۃ) کی جانب سے گمشدہ افراد کی رہنمائی، تمام مراکز کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور زائرین کو مفت کال کی سہولت مہیا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: