اہم خبر: شعائر و حسینی مواکب کے سیکشن کی طرف سے وضاحتی بیان

آج بروز منگل (18 صفر 1442هـ) بمطابق (6 اکتوبر 2020ء) شام کے وقت روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں قائم ’’عراق اور اسلامی دنیا میں شعائر و حسینی مواکب کے سیکشن‘‘ کی طرف سے کربلا میں رونما ہونے والے آج کے واقعات کے بارے میں ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے کہ جو درج ذیل ہے:

ذَٰلِكَ وَمَن يُعَظِّمْ شَعَائِرَ اللَّهِ فَإِنَّهَا مِن تَقْوَى الْقُلُوبِ (الحج/32 )
کربلا کی مقامی حکومت اور اسی طرح سے عراق کی مرکزی حکومت سے مربوط اداروں کی وہ عظیم تنظیمی اور سیکورٹی کاوشیں مومنین سے مخفی نہیں ہیں کہ جو وہ اربعین کو نبی کریم(ص) اور اُن کے اہل بیت(ع) کو پرسہ پیش کرنے کی بہترین مناسبت بنانے کے لیے سرانجام دیتے ہیں کہ جو اِس فیاض و کریم عوام کے اخلاق کی عکاسی کرتی ہیں کہ جس نے اپنے قائد امام حسین(ع) کی راہ کی پیروی کرتے ہوئے بہت قربانیاں دیں اور بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کیا کہ جو راہ انھوں نے اپنے نانا(ص) کے دین میں کی جانے والی جعل سازی اور انحراف کی اصلاح کے لیے اپنائی تھی۔

عراق میں امام حسین(ع) کی عزاداری کے حوالے سے یہ رسم چلی آ رہی ہے عام طور پر پورے ملک میں محرم کے پہلے دس دن ہر شہر میں سید الشہداء(ع) کی عزاداری برپا کی جاتی ہے البتہ اربعین امام حسین(ع) صرف کربلا مقدسہ سے مختص ہے، کربلا کے علاوہ ہر عراقی گورنریٹ کے مواکب (ماتمی انجمنیں) اربعین کی عزاداری میں کربلا آ کر شرکت کرتے ہیں جبکہ کربلا کے مواکب ایامِ اربعین میں دیگر علاقوں سے آنے والے مواکب اور عزاداروں کی مہمان نوازی کے انتظامات کرتے ہیں۔
سب جانتے ہیں کہ عراق اور اسلامی دنیا میں شعائر و حسینی مواکب کا سیکشن سابقہ بعثی حکومت کے خاتمے کے بعد روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں قائم کیا گیا اور اِس سیکشن نے اپنے قیام کے بعد شعائر حسینی کو بہترین صورت میں اجاگر کرنے اور ان کی ادائیگی میں ہر ایک کی مدد کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس سیکشن نے دو شقوں کے ذریعے شعائر حسینی اور مواکب کے لیے اہم کام کیا:
-1 تنظیمی:- تنظیمی حوالے سے یہ سیکشن تمام نئے خدماتی اور عزائی مواکب (حسینی انجمنوں) کی رجسٹریشن کرتا ہے اور تحقیق کرنے کے بعد اس کے سربراہ اور اراکین کو آئی ڈی کارڈ جاری کرتا ہے۔
اسی طرح یہ سیکشن ایام اربعین میں ہر گورنریٹ اور علاقے کے مواکب کے عزائی جلوسوں کے لیے ٹائم ٹیبل بھی ترتیب دیتا ہے۔
- 2 سیکورٹی:- اس حوالے سے حکومت کے سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر موثوقیت کی قانونی کاروائی کے ذریعے یہ سیکشن اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ سیکشن کی طرف سے ہر موکب کی موثوقیت کی تصدیق کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنا سامان اور زائرین کے خدمت کے لیے ضروری اشیاء کو کربلا کی چیک پوسٹوں سے گزار کر شہر میں لا سکے۔

اسی طرح یہ سیکشن کسی بھی سیکورٹی رسک سے بچنے کے لیے ہر موکب کے سربراہ سے عہد وپیمان لیتا ہے کہ اس کے جلوس عزاء یا خدماتی موکب میں صرف اس کے جاننے والے اور موکب کے ارکان شامل ہوں گے۔ اس کا مقصد عزاداروں اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے کیونکہ ہر موکب کے جلوس کو کربلا کے اندر مقررہ راستوں اور دونوں مقدس روضوں سے گزرنے کی اجازت حاصل ہوتی ہے۔

اس طرح جس موکب کا بھی اس سیکشن میں اندراج نہیں ہو گا اسے اربعین کے جلوسوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی کیونکہ اس کے پاس قانونی طور پر ایسا اجازت نامہ اور موثوقیت نہیں ہے کہ جو زائرین اور عزاداروں کی سلامتی کی ضامن ہے۔ لہذا سب کی حفاظت کے پیش نظر اس قسم کے مواکب کو کربلا کے اندر اربعین کے جلوسوں میں شمولیت اور اسی طرح سے زائرین کی خدمت کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی کیونکہ جن مواکب کو جلوس میں شرکت کی اجازت ہوتی ہے وہ متعدد حساس جگہوں پر بغیر تلاشی کے داخل ہوتے ہیں۔ اسی طرح سے سیکورٹی رسک کے علاوہ کسی بھی غیر رجسٹرڈ موکب کا جلوس عزاء میں شامل ہونے پر اصرار ناصرف رجسٹرڈ مواکب کے حقوق اور ان کے لیے مقرر کردہ وقت پر تجاوز شمار ہو گا بلکہ اربعین کے حسینی عزاء کے نظم وضبط اور وقار پر بھی اثر انداز ہو گا کہ جس کے نظم وضبط پر ہم پوری دنیا میں فخر کرتے ہیں۔

18 صفر الخير 1442ھ کو ذی قار گورنریٹ سے تعلق رکھنے والے بھائیوں کے موکب کے ساتھ جو کچھ پیش آیا اس کا سبب ان کا جلوس کے لیے مذکورہ بالا اصولی اجازت نامہ اور قانونی طریقہ کار کے بغیر جلوس عزاء میں شامل ہونے پر اصرار تھا حالانکہ نہ تو ان کا موکب رجسٹرڈ تھا اور نہ ہی وہ اپنے گورنریٹ کے مواکب کے لیے مختص کردہ وقت میں وہاں آئے۔

انھیں بتایا گیا کہ یہ ہدایات اور قوانین آپ کی اور دیگر زائرین کی حفاظت اور اس حسینی عزاء کے نظم وضبط کی خاطر بنائے گئے ہیں اور آپ کا موکب ان قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے کے سبب جلوس عزاء میں شامل نہیں ہو سکتا۔ لیکن انھوں نے وہاں سے جانے سے انکار کر دیا اور زبردستی جلوس عزاء میں شامل ہونے کی کوشش کی۔

چونکہ ان کا یہ عمل زائرین اور عزاداروں کی سلامتی کو خطرے میں مبتلا کرنے، سید الشہداء(ع) کی عزاداری کے وقار کو مجروح کرنے اور سب کے لیے قابل احترام حسینی اجتماع کی بے ادبی کا موجب بن رہا تھا لہذا سیکورٹی فورسز انھیں قواعد وضوابط کی مخالفت کے سبب روکنے کے لیے میدان میں آ گئیں۔

واضح رہے کہ یہ قواعد وضوابط سب کے لیے ہیں تمام عزائی اور خدماتی مواکب ان سے باخوبی آگاہ ہیں۔

ہر موکب (ہر ماتمی انجمن) مذکورہ بالا سیکشن کے قواعد وضوابط پر عمل پیرا رہتے ہوئے جلوس کے دوران جو نعرے بھی بلند کرتا ہے اس کا اس سیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

جو گفتگو بھی اِدھر اُدھر ہو رہی ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ ثبوت کی محتاج ہے۔

اللہ تعالی سب کو شعائر الله کے احیاء کی توفیق عطا فرمائے، حسینی عزاء کے وقار کی حفاظت فرمائے اور زائرین و عزاداروں کو اپنی حفظ وامان میں رکھے .. والله ولي التوفيق...

’’عراق اور اسلامی دنیا میں شعائر و حسینی مواکب کا سیکشن‘‘

روضہ مبارک امام حسین(ع) و روضہ مبارک حضرت عباس(ع)

قسم الشعائر والمواكب والهيئات الحسينية في العراق والعالم الإسلامي

التابع للعتبتين المقدستين الحسينية والعباسية
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: