روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کا عملہ کربلا ٹیچنگ ہاسپیٹل فار چلڈرن کے کچھ حصوں کی مرمت اور بحالی کے لئے اپنی جامع مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس مہم کے پہلے تین مراحل مکمل کئے جا چکے ہیں اوراس مہم کے چوتھے مرحلے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے کے تین مراحل میں کربلا ٹیچنگ ہاسپیٹل فار چلڈرن کے اٹھارہ سینٹری یونٹس کی مرمت اور بحالی کے بعد انھیں جدید طرز کی تمام ضروریات اورسہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے کربلا ٹیچنگ ہاسپیٹل فار چلڈرن میں شروع کی گئی یہ مہم کربلا گورنریٹ میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے انسان دوست اقدامات کا حصہ ہیں۔
مذکورہ محکمے میں تعمیراتی کاموں کے ڈویژن کے انچارج انجینئر محمد مصطفیٰ التویل نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا : "اس مرحلے میں ہم ہسپتال کے کوریڈورزکے فرش کو ہٹا کر نیا فرش ڈال رہے ہیں کیونکہ پرانا فرش خراب ہونے کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا۔ "
انہوں نے مزید کہا: " سائٹ کے معائنے کے بعد فرش کے پرانے ٹکڑوں کو ہٹانے کے بعد فرش کی سطح کو ہموار کیا گیا ہے اور فرش کی مضبوطی اور اسے موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے خصوصی مواد کا استعمال کرنے کے بعد نئے فرش کو ڈالنے کا عمل جاری ہے۔ "