تصویری رپورٹ: روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے گنبد اور میناروں کی سالانہ صفائی کے پُر نور مناظر

ہمیشہ سے ہی علماء، امراء، قوموں کے سربراہان اور تمام مسلمان اھل بیت علیھم السلام کے مقدس روضوں کی صفائی کرنے کو اپنے لئے بہت بڑا شرف قرار دیتے ہیں اور ساری زندگی اپنی محفلوں میں اس شرف کے حصول پر فخر کرتے ہیں۔

ان دنوں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی صفائی کے سلسلہ میں روضہ مبارک کے کئیر سیکشن کا عملہ ایسا شرف حاصل کر رہا ہے کہ جس کے حصول کا موقع سال میں ایک آدھ دفعہ ہی ملتا ہے اور یہ شرف انھیں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے گنبد اور میناروں کو دھونے اور ان کی صفائی سے حاصل ہو رہا ہے اور یقینی طور پر ان کے لئے یہ ایک بہت ہی قابلِ فخر کام ہے۔
موسم کی شدت، مٹی والی ہواؤں کے چلنے اور آب و ہوا کے بدلنے کی وجہ سے گنبد اور میناروں پر لگی ہوئی سونے کی تختیوں کی رنگت اور چمک پر اثر پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان تختیوں کی خاص طریقہ اور مخصوص مواد کے ذریعے صفائی کرنا ضروری ہوتا ہے۔ لہذا ہر سال گرمیوں کے اختتام پر گنبد اور میناروں کی صفائی کا عبادتی عمل سرانجام دیا جاتا ہے۔
گنبد کی صفائی کے لیے گنبد کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر روز ایک حصہ کی صفائی کی جاتی ہے، گنبد کی صفائی کی تکمیل کے بعد میناروں کی صفائی کے نادر عبادتی عمل کو سرانجام دیا جائے گا۔
پہلے گنبد اور میناروں کی صفائی کے لئے باہر سے افراد کو لایا جاتا تھا کیونکہ پورے گنبد اور میناروں پر لگی ہوئی سونے کی تختیوں کی صفائی کے لئے ہنر مند افراد اور خاص عملے کی ضرورت ہوتی ہے کہ جو مخصوص مواد کے ذریعے ایک خاص طریقہ سے ان کی صفائی کے عمل کو سر انجام دیتے ہیں۔ لیکن گزشتہ چند سال سے کئیرسیکشن کا اپنا عملہ اس شرف کو حاصل کر رہا ہے کیونکہ اس وقت سیکشن کے پاس ایسا ہنر مند عملہ موجود ہے کہ جو اس کام کو باخوبی سرانجام دے سکتا ہے۔
اس بات کا ذکر کرتے چلیں کہ روضہ مبارک کے گنبد کا محیط 46.5میٹر جبکہ قطر 15میٹر ہے یہ گنبد دونوں میناروں کے عین درمیان میں واقع ہے اس گنبد کی روضہ مبارک کے سرادب کے فرش سے بلندی 33میٹر ہے جبکہ ضریح والے ہال کے فرش سے اس کی بلندی 20.70میٹر ہے۔ اور اس گنبد پر سونے کی 6418تختیاں لگی ہوئی ہیں۔
دونوں میناروں میں سے ہر ایک مینار کا محیط 11.85میٹر ہے جبکہ اس کا قطر 3.65میٹر ہے اور جس بنیادی سٹینڈ پر ہر مینار کھڑا ہے اس کا محیط 13.18میٹر ہے اور صحن کے فرش سے میناروں کے بالائی سِرے تک کی لمبائی 38.5میٹر ہے جبکہ اصل بنیاد سے اس کی بلندی 44میٹر ہے اور ہر مینار پر 2016سونے کی تختیاں لگی ہوئی ہیں۔

قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: