العباس فائٹنگ اسکواڈ ( پاپولر موبلائزیشن 26 ویں بریگیڈ) نے بین الاقوامی جنیوا کال آرگنائزیشن کے ساتھ بین الاقوامی انسانی حقوق کے بارے میں مشترکہ ورکشاپس منعقد کرنے ، اس کے نظریات وتصورات کو فروغ دینے اور ان کو مستحکم کرنے کے لئے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ معاہدہ تنظیم کے مشیر موفّق الخفاجی نے کربلا گورنریٹ میں اسکواڈ کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے العباس فائٹنگ اسکواڈ کے انچارج میثم الزیدی سے ملاقات بھی کی۔
الخفاجی نے دفاع وطن کی جنگ کے دوران اسکواڈ کی طرف سے کی جانے والی انسانی ہمدردی کی کوششوں کی تعریف کی اور بے گھر افراد کی حفاظت ، جنگ زدہ علاقوں سے شہریوں کو باحفاظت نکالنے اور انھیں ضروری خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے میں سکواڈ کے کردار کو بے حد سراہا۔
انھوں نے سکواڈ کی جانب سے موجودہ بحرانی صورتحال کے دوران کورونا وبائی بیماری کی روک تھام کے لئے ڈس انفیکشن مہمات چلانے، طبی اور حفاظتی مواد کی تقسیم ، کورونا وائرس سے بچاو کے لئے عوامی سطح پر آگاہی اور تعلیم پھیلانے کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
اس ملاقات کے اختتام پر ، الخفاجی نے کہا: "آج ہماری اسکواڈ کی قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے کیونکہ ہم نے کسی بھی فوجی آپریشن کے دوران انسانی حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں بین الاقوامی انسانی قوانین کے تصورات کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جو کہ شہریوں کی حفاظت ، نجی اور سرکاری املاک کو محفوظ بنانے اور بے گھر ہونے والے افراد کی حفاظت اور بحالی سے متعلق تھے۔ "
انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اسکواڈ کے ساتھ بین الاقوامی تربیت کاروں اور ماہرین کی مدد سے بین الاقوامی انسانی حقوق کی ورکشاپس منعقد کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا ہے۔