روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکرو ثقافت سے وابستہ مینیوسکرپٹ امیجنگ اینڈ انڈیکسنگ سینٹر نے عثمانی دور سے متعلق 34 تاریخی دستاویزات حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ دستاویزات مرکز کی جانب سے شروع کئے گئے منصوبے (تراثك أمانة) کے تحت کربلا کے ایک خاندان کی طرف سے بطور تحفہ مرکزکوعطیہ کی گئی ہیں۔ اس منصوبے کو کربلا کے ثقافتی ورثے کے تحفظ میں معاونت فراہم کرنے ،اور قیمتی دستاویزات کی بحالی اور حفاظت کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔
مرکز کے ڈائریکٹر جناب صلاح السراج نے کہا: "یہ دستاویزات ، جو عثمانی دور اور شہر کے ماضی کی تاریخ سے متعلق ہیں ، ڈاکٹر علی عدنان التہم نے مرکز کو عطیہ کی تھیں اور ہمیں ان فیملیز کا خیر مقدم کرنے پر فخر ہے جنہوں نے اس منصوبے(تراثك أمانة) پر اعتماد کرتے ہوئے مختلف تاریخی ادوار سے وابستہ قیمتی تاریخی دستاویزات عطیہ کیں۔ ہم انھیں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خزانے میں محفوظ رکھیں گے، تاکہ یہ تاریخی دستاویزات خاندانی یادگار کے طور پر حرم مطہر میں دستاویزی اور مخطوطات ورثہ کی شکل میں سلامت رہیں۔"
مرکز کے دستاویزات کے سیکشن کے سربراہ جناب محمد باقر الزبیدی نے کہا: "عراقی خاندان ہمیشہ سے اہل بیت اور آئمہ اطہار علیہم السلام سے شدید عقیدت رکھتے ہیں اور آج تک اہل عراق کا شعار یہی عقیدت ہے اور انھوں نے اپنے باپ دادا سے جو سب سے قیمتی چیز حاصل کی ہے حرم مقدس کو اس کا عطیہ کرنا اسی عقیدت کی واضح دلیل ہے۔ یہ دستاویزات مرکز کے ڈیجیٹل اور تجزیاتی نظام میں ان خاندانوں کے ناموں اور ان دستاویزات کی تفصیلی وضاحت کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔"
مرکز کی انتظامیہ ان خاندانوں کو ان قیمتی تحائف عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے متبرکات اور تحائف پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ عراقی خاندانوں کی بڑی تعداد کی جانب سے اس پروجیکٹ(تراثك أمانة) کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ان عراقی خاندانوں کے لئے ہے جو اپنی تاریخی دستاویزات کو عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان تاریخی دستاویزات کو ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے،روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خزانے میں جمع کی جاتا ہے تاکہ انھیں آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رکھا جاسکے۔