پانچ سال پہلے جب آج کے دن حضرت عباس(ع) کی نئی ضریح کا افتتاح ہوا

آج سے پانچ سال پہلے 13 رجب 1437ھ کی رات مولائے کائنات حضرت امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کے جشن میلاد کے پُر مسرت موقع پہ حضرت عباس علیہ السلام کی نئی ضریح کے افتتاح کی تقریب باب قبلہ کے سامنے منعقد ہوئی۔ جس میں عراق اور دوسرے ممالک سے آئے ہوئے دینی، سماجی، سیاسی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد اور مراجع عظام کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مرجع دینی کبیر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق الفیاض دام ظلہ بھی تشریف فرما تھے کہ جنہوں نے تقریب کے اختتام پہ حضرت عباس(ع) کی نئی ضریح کا افتتاح کیا۔

اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری سید حسین الحلو نے حاصل کی اس کے بعد روضہ حضرت عباس علمدار علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) اور دیگر نامور شخصیات نے خطاب کیا۔

اس تقریب کے اختتام پرحضرت عباس علیہ السلام کی نئی ضریح کی تیاری کے تمام مراحل پر مشتمل 15 منٹ کی ایک دستاویزی فلم بھی دیکھائی گئی

اور اس کے بعد مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد اسحاق الفیاض مد ظلہ العالی کے مبارک ہاتھوں سے حضرت عباس علیہ السلام کی نئی ضریح مبارک کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔

نئی ضریح کے افتتاح کے بعد اہل بیت علیہم السلام اور حضرت عباس علیہ السلام سے عقیدت رکھنے والوں کا جوش و جذبہ قابل دید تھا، اور پورا حرم لبیک یا عباس کی صدا سے گونج اٹھا۔

حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کی نںل ضریح مبارک کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی ضریح ساز ورکشاپ میں تیار کیا گیا ہے جو ڈیزائن، کوالٹی، متانت، خوبصورتی اور کام کی باریکی کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے، اس کا ڈیزائن مکمل طور پر پرانی ضریح کی طرح ہے، البتہ چند جگہ اس کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے تھوڑی سی تبدیلی کی گئی ہے، لیکن اس ضریح کی تیاری میں استعمال ہونے والے سونا اور چاندی کی مقدار پرانی ضریح سے کئی گنا زیادہ ہے، عراقی ماہرین کی ہاتھوں سے تیار ہونے والی اس ضریح کو دنیا میں موجود دیگر تمام ضریحوں سے زیادہ خوبصورت، منفرد اور پائیدار قرار دیا جاتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: